مولانا آزاد کی خدمات کو خراج عقیدت

کاماریڈی:افسانہ نگار و صدر انجمن ترقی اردو جناب رحیم انور نے مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر کہا کہ قومی یوم تعلیم و قومی اقلیتی بہبود پروگراموں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یکجہتی مساوات تعلیم تہذیب اور ثقافت و انسانی حقوق کے علمبردار تھے ان کا شمار دانشوروں میں ہوتا تھا یہ ایک عظیم مصنف بھی تھے ۔

ظہیرآباد : یوم قومی تعلیم گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں منایا گیا ۔ پرنسپل ڈاکٹر کے سرینواس راجو نے مولانا آزاد کو ایک عظیم مجاہد آزادی اور قومی یکجہتی کے حقیقی علمبردار قراردیا ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد 11 نومبر 1888 ء کو مکہ معظمہ میں پیدا ہوئے اور 22 فبروری 1958 ء کو اس دارفانی سے کوچ کرگئے ۔ ان کی ملک کے تئیں کی گئی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ پروگرام کا آغاز بی کام میں زیرتعلیم حافظ محمد وقار الدین کی قرات کلام پاک اور اسلامیہ ماڈل اسکول میں زیرتعلیم حافظہ نوشین فاطمہ کی بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت کی پیشکشی سے ہوا ۔ بی کام سال اول کے طالب علم محمد غوث الدین نے آزاد کی کہانی آزاد کی زبانی کے زیرعنوان تمثیلی کردار ادا کرتے ہوئے مولانا آزاد کی حالات زندگی پر روشنی ڈالی ۔ قبل ازیں منعقدہ تحریری و تقریری مقابلوں میں انعامات اول ، دوم اور سوم کیلئے مستحق قرار دیئے گئے طلباء کو انعامات سے سرفراز کیا گیا ۔ پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کرنے والی اسلامیہ ماڈل اسکول کی طالبات نوشین فاطمہ اور ثانیہ فردوس کو بھی انعامات دیئے گئے ۔ مولانا آزاد کی سوانح حیات پر مشتمل اردو اور انگریزی زبانوں کے کتابچہ اساتذہ اور طلباء میں تقسیم کئے گئے ۔

جگتیال: ملک کے پہلے وزیرتعلیم مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کی 126 ویں جشن یوم پیدائش تقریب کا شہر جگتیال میں ابوالکلام یوتھ اسوسی ایشن کے زیراہتمام صدر محمد عبدالمجاہد عادل کی زیرقیادت تین کھنی چوراستے پر بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ ابوالکلام کی خدمات اور ملک کی آزادی میں ان کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر صدر محمد عبدالمجاہد عادل ، ریاض الدین ماما ، مشتاق احمد ، منصور عثمانی ، محمود علی افسر کونسلرس فیرالدین منا ، عبدالباری اور دیگر نے مخاطب کرتے ہوئے ابوالکلام آزاد کے کارناموں سے واقف کروایا اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست میں ابوالکلام کی یادگار آزاد مینار کی تعمیر کی جائے ۔ اس پروگرام میں ابوالکلام یوتھ اسوسی ایشن کے علاوہ شہر جگتیال کے مختلف تنظیموں سے وابستہ قائدین اور نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔
جگتیال :ابوالکلام یوتھ اسوسی ایشن جگتیال کے زیراہتمام 9 نومبر کو منعقدہ مفت میگا ہیلت کیمپ میں آنکھوں کیلئے ڈاکٹر سنجے کمار ماہر چشم کے پاس رجسٹر کروانے والے جملہ 7 افراد کا گزشتہ رات مفت آپریشن کیا گیا ۔ واضح رہے کہ مجاہد آزادی ملک کے پہلے وزیر تعلیم کے 126 ویں یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر ابوالکلام یوتھ کی جانب سے 9 تاریخ کو پرنس گارڈن میں منعقدہ مفت میگا ہیلت کیمپ کے انعقاد پر رجسٹر کروانے والے آنکھوں کے مرض سے متاثرہ 7 افراد کا ڈاکٹر سنجے کمار ماہر چشم نے گزشتہ رات اپنے ہاسپٹل میں مفت آپریشن کیا ۔
٭٭ جگتیال میں ابوالکلام یوتھ کی جانب سے گورنمنٹ قاضی پورہ ہائی اسکول اردو میڈیم میں طلباء و طالبات میں تحریری و تقریری مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا اس موقع پر اس میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو ’’ یوم تعلیم و یوم اقلیتی بہبود ‘‘ کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں چیرپرسن بلدیہ محترمہ ٹی وجیہ لکشمی کے ہاتھوں مومنٹو کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس موقع پر قاضی پورہ ہائی اسکول ہیڈماسٹر سرینواس ، صدر تحریک اردو تلنگانہ جناب خان ضیاء نے بھی ابوالکلام کی خدمات کو ناقابل فراموش کہا اور خان ضیا طلباء کو محنت سے پڑھنے کیلئے کہا دسویں جماعت میں صد فیصد نشانات لانے والوں کو گولڈ میڈل دینے کا تیقن دیا اس موقع پر طلباء نے حمد اور نعت کے علاوہ نظم و تقریر یں پیش کئے ۔

محبوب نگر:اقراء ماڈل اسکول مدنی نگر محبوب نگر میں جلسہ یوم تعلیم منعقد کیا گیا جس کی صدارت الحاج حبیب الرحمن سرپرست نے کی ۔ مولانا حافظ محمد امتیاز الرحمن کامل الحدیث جامعہ نظامیہ نے فضیلت علم اور تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مولانا ابوالکلام آزاد کے کارناموں کو بیان کیا ۔ اس موقع پر الحاج کوثر قادری الحاج مجیب الرحمن اسکول کے اساتذہ و طلباء شہریان محبوب کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ الحاج مرزا احمد اللہ بیگ نے طلباء اساتذہ و حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔

ہنمکنڈہ : سروا سکھشا ابھیان ضلع ورنگل کے زیر اہتمام ضلع کے تمام اردو میڈیم مدارس کے ششم تا ہشتم طلباء کیلئے قومی یوم تعلیم کے سلسلہ میں ضلعی سطح پر 11 نومبر بمقام گورنمنٹ ڈائیٹ ہنکمنڈہ مختلف انعامی مقابلوں کا انعقاد عمل میں آیا ۔ یہ انعامی مقابلے قومی یکجہتی تعلیم کی اہمیت ، حب الوطنی کے گیت اور مولانا آزاد کے کارناموں کے عنوانات پر رکھے گئے ۔ انعامی مقابلوں کے بعد جلسہ قومی یوم تعلیم منعقد ہوا ۔ جلسہ کی صدارت جناب کے کرشنا ریڈی ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر و پراجکٹ آفیسر سروا سکھشا ابھیان ضلع ورنگل کی ڈاکٹر لکشما ریڈی پرنسپل گورنمنٹ ڈائیٹ ہنمکنڈہ ، جناب اے سرینواس اے ایم او سرواسکھشا ابھیان ورنگل جناب شاہد صدیقی جناب محمد توفیق الرحمن جناب محمد مجیب الرحمن مہمانان خصوصی تھے ۔

مکتھل : مکتھل میں آل مینارٹیز ایمپلائز ویلفیر اسوسی ایشن شاخ مکتھل کی جانب سے مولانا آزاد کی تعلیمی علمی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مستقر کے سرکاری دواخانہ میں موجود بیماروں کی عیادت کرتے ہوئے ان میں پھل تقسیم کئے ۔ اس پروگرام میں آل میوا مکتھل کے قائدین خواجہ امیر الدین رامپوری، ڈاکٹر منور علی ، جناب اعجاز پوسٹ ماسٹر ، سلیم رامپوری ، ایوب علی ریشم ، عبدالغنی بھٹو ، محمد فیاض ، مرزا رحمت اللہ بیگ کے علاوہ مولانا عبدالقوی حسامی ، مولانا نصیرالدین ، عبدالرحمن ، رحیم پٹیل ، محمد انور ، خواجہ نصیرالدین رامپوری ، عبدالقادر و دیگر نے حصہ لیا جبکہ ٹی آر ایس کی جانب سے پارٹی لیڈر مسٹر آشی ریڈی نے پارٹی قائدین و اقلیتی سیل کے عہدیداروں کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پہنچ کر طلبہ و طالبات میں بکس تقسیم کرتے ہوئے مولانا آزاد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس کے علاوہ مستقر کے سرکاری غیرسرکاری اسکولس دارالفرقان ، اقراء پبلک اسکول و دیگر مقامات پر بھی مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش تقاریب منعقد کی گئی ۔

کریم نگر : سرواشکشا ابھیان ، کریم نگر کی جانب سے ضلعی سطح پر تعلیمی تقاریب ( بضمن یوم پیدائش مولانا ابوالکلام آزاد ) منائی گئیں ۔ جس میں اسکولس اور مدرسوں میں پڑھنے والے طلباء کیلئے مختلف مقابلہ جات 7 نومبر کو اسکول کی سطح پر ، 10 نومبر کو اسکول کامپلکس کی سطح پر منعقد کئے گئے اس کے بعد ضلعی سطح پر قومی یوم تعلیم تقاریب کریم نگر فلم بھون میں افضل محی الدین اسسٹنٹ اے ایم او اردو کے زیرنگرانی اسکولس ادر مدرسوں کے طلباء کو تحریری ، تقریری ، کوئز ، ڈرائنگ اور قومی گیت کے مقابلہ جات منعقد کئے گئے اور جناب ڈی سرینواس کے سرپرستی میں پرگرام کو چلایا گیا ۔ اس پروگرام میں ڈی لنگیا ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر ، افضل محی الدین ، اے ایم او نے بھی خطاب کیا ۔ اس پروگرام میں مختلف مقابلہ جات میں امتیازی رول ادا کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا ۔ جس میں تحریری مقابلہ میں فاریہ ثناء ، شائستہ نازین ، فرح فاطمہ ، صبیحہ انجم ، تقریری مقابلہ میں تانیہ گوہر ، یاسمین سلطانہ ، کنیز فاطمہ ، ثناء فاطمہ ، کوئز مقابلہ میں خدیجہ مریم ، عظمی صدیقہ ، ثانیہ گوہر ، شفانہ مسکان ، پوسٹر میکنگ میں نجمہ خاتون ، صفیہ انجم بیگم ، امروز خان ، قومی گیت میں عشرت کوثر ، ماہین نیاز ، اویس صلاح الدین کو انعامات ، مومنٹوس اور توصیف نامے دیئے گئے ۔ ان مقابلوں کے ججس کی حیثیت سے جناب سرور شاہ بیابانی ، ظفر خان ، مظفر الدین ، نصیرالدین ، عبدالقیوم اور مدھو صاحبین مقابلہ جات بہتر انداز میں منعقد کئے ۔
بھینسہ :اسلامیہ ماڈل ہائی اسکول بھینسہ میں مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر مختلف ثقافتی و تعلیمی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ واضح رہیکہ 9 نومبر کو شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کی یوم پیدائش 11 نومبر مولانا آزاد کی یوم پیدائش اور 14 نومبر کو ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کی یوم پیدائش کے موقع پر مدرسہ ہذا میں ’’ جشن تعلیم ‘‘ کے طور پر تین روزہ جشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر مختلف کلچرل پروگرامس ، تقریری و تحریری مقابلہ جات ، فوٹو اگزبیشن میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ علامہ اقبال کی یوم پیدائش پر کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا تھا جس میں صفورہ فردوس و گروپ جماعت دہم اور نیہا بیگم و گروپ جماعت دہم انعام دوم کے مستحق قرار پائے ۔ اس طرح ملک کے پہلے وزیرتعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر تقریری و تحریری مقابلہ بعنوان ترتیب وار مولانا آزاد کی ’’ تعلیمی خدمات ‘‘ اور ’’ بحیثیت سیاستداں ‘‘ منعقد کیا گیا ۔ اسکول سکریٹری الیاس احمد کے مطابق 14 نومبر ’’ یوم اطفال ‘‘ کے موقع پر اسلامیہ ماڈل ہائی اسکول مدینہ کالونی میں ایک تقریب منعقد کی جائیگی جس میں طلباء و طالبات میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئیگی ۔ اس موقع پر مدرسین سید سرفراز ، عبدالکریم ، شیخ امیر ، عبدالمقیم ، عمران بیگ اور محمد سلمان موجود تھے ۔