بیدر ۔ 26 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بیدر ضلع کے تعلقہ بھالکی کے موضع بھاتمرہ میں سرکاری اردو ہائی اسکول کی منظوری کے بعد مسٹر ایشور کھنڈرے رکن اسمبلی بھالکی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا ۔ مسٹر ایشور کھنڈرے نے اس موقع پر بتایا کہ موضع بھاتمرہ ایک عرصہ دراز سے اردو کا گہوارہ رہا ہے مگر یہاں پر اردو ہائی اسکول نہیں تھا ۔ اس سلسلہ میں موضع بھاتمرہ کے محبان اردو کی جہد مسلسل اور خصوصی دلچسپی قابل تعریف ہے ۔ بھاتمرہ کے اردو نواز عوام نے سرکاری اردو ہائی اسکول کے قیام کیلئے بارہا مجھ سے ملاقات کرتے ہوئے اس جانب توجہ دلائی آخرکار ان کی اس ضمن میں خصوصی دلچسپی اور انتھک کوششوں کی وجہ سے وزیراعلی مسٹر سدرامیا نے فوری طور پر میری اس نمائندگی کو قبول کیا ۔ اور اسکول کی منظوری عمل میں آئی ۔ بھاتمرہ کے محبان اردو نے اولیائے طلباء سے ہمدردانہ اپیل کی ہے کہ اس تعلیمی سال سے یہاں تعلیم کا آغاز ہے جماعت نہم میں اپنے بچوں کا داخلہ کروائیں ۔