موصل۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عراق حیدر العبادی نے موصل میں دولت اسلامیہ میں جنگجوؤں کے ساتھ لڑائی میں بڑی کامیابی حاصل کرنے پر اپنے فوجیوں کو مبارکباد پیش کی۔ یاد رہے کہ موصل کے پرانے شہر میں عراقی افواج دریائے ٹگریس سے صرف 250 میٹر دور ہے اور انہیں دولت اسلامیہ کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ بغداد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حیدرالعبادی نے یہ بات کہی جبکہ صرف ایک ہفتہ قبل ہی انہوں نے مسجد النوری کے علاقہ میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو پسپا کرنے اور ان کی خود ساختہ خلافت کے خاتمہ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ہم نے موصل کو داعش کے قبضہ سے آزاد کروالیا اور وہ یہ ثابت کردیا کہ ہمارے بارے میں دوسروں کی جو رائے تھی، وہ غلط تھی۔ موصل کی عوام نے ہماری سکیورٹی فورسیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ یاد رہے کہ صرف تین سال قبل داعش کمانڈر ابوبکر البغدادی نے مسجد النوری میں اپنے ایک خطاب کے دوران شام اور عراق میں داعش کے قبضہ والے علاقوں میں خلافت کا اعلان کیا تھا۔ دوسری طرف لیفٹننٹ جنرل سمیع العازیدی جن کا تعلق عراق کی خصوصی فوج سے ہے، نے کہا کہ دولت اسلامیہ کے کم و بیش 300 جنگجو اب بھی ایک مخصوص علاقہ میں موجود ہیں جس کا رقبہ صرف 500 مربع میٹر پر محیط ہے، لیکن انہیں بھی جلد ہی اس علاقہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔