موسیٰ رام باغ علاقہ کے مکان سے خاتون کی نعش برآمد

حیدرآباد۔/29ستمبر، ( سیاست نیوز) ملک پیٹ پولیس نے موسی رام باغ علاقہ کے ایک مکان سے خاتون کی مسخ شدہ نعش کو برآمد کرلیا ہے۔ مقامی عوام کی جانب سے بدبو کی شکایت پر پولیس نے پروین بیگم کے مکان کا معائنہ کیا اور مکان سے پروین بیگم کی مسخ شدہ نعش کو برآمد کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 38سالہ پروین بیگم کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا اور نعش کو مکان میں رکھ کر باہر سے قفل ڈال دیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد پروین بیگم کے مبینہ عاشق اکرام الدین پر شبہ ظاہر کیا ہے جو مفرور بتایا گیا ہے۔ پروین بیگم پرشانت نگر موسی رام باغ علاقہ کے ساکن عبدل کی بیوی تھی۔ 19سال قبل اس خاتون کی شادی ہوئی تھی جو گزشتہ 10 سال سے اپنے شوہر سے علحدہ رہتی تھی۔ اس خاتون کا ایک لڑکا اس کے رشتہ داروں کے پاس رہتا تھا۔ متوفیہ اور اکرام الدین میں دوستی تھی۔ پولیس کو اکرام الدین پر شبہ ہے۔