موسیٰ باولی میں واقع مسجد کلاں کے قبرستان پر ناجائز تعمیرات

مصلیان مسجد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ سے نمائندگی
حیدرآباد ۔29۔ نومبر (سیاست نیوز) موسیٰ باؤلی میں واقع مسجد کلاں کے تحت قبرستان پر ناجائز تعمیرات کے خلاف مقامی افراد نے تلنگانہ وقف بورڈ سے نمائندگی کی ہے۔ مصلیان مسجد کلاں کی جانب سے چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی کو یادداشت پیش کی ، جس میں تصاویر کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ غیر مجاز قابضین قبرستان میں تعمیری سرگرمیوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ یادداشت میں کہا گیا کہ قبروں کو مسمار کرتے ہوئے پلرس کی تعمیر کیلئے گڑھے کھودے گئے۔ یہ قبرستان درج اوقاف ہیں اور وقف بورڈ کو قبرستان کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرنی چاہئے۔ یادداشت میں کہا گیا کہ مسجد سے متصل درگاہ شریف کے احترام کو ملحوظ رکھنے کے بجائے وہاں قبروں کو مسمار کردیئے گئے ۔ مقامی افراد نے نگرانکار کی جانب سے قبرستان میں تعمیر کیلئے وقف بورڈ سے این او سی حاصل کرنے کا ذکر کیا اور کہا کہ وقف بورڈ کس طرح قبرستان میں تعمیر کی اجازت دے سکتا ہے۔ اس قبرستان میں بعض صوفی سنتوں کی مزارات موجود ہیں۔ سید واجد علی شاہ کا عرس ہر سال 13 اور 14 ربیع الاول کو منایا جاتا ہے۔ مقامی افراد نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے فوری کارروائی کی درخواست کی۔