موسم گرما کے آغاز کیساتھ شہر میںغیر معلنہ برقی کٹوتی

کئی علاقوں میں روزانہ گھنٹوں برقی سربراہی منقطع، طلبہ اورعوام پریشان
حیدرآباد۔27فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور شہر کے کئی علاقوں سے روزانہ کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی منقطع کئے جانے کی اطلاعات موصول ہونے لگی ہیں۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع کئے جانے کی شکایت کے متعلق عہدیداروں کا کہناہے کہ موسم گرما کی آمد کے سلسلہ میں مینٹینینس کا کام انجام دیا جا رہاہے اسی لئے بعض علاقو ں میں برقی سربراہی کو منقطع کرنا پڑرہا ہے تاکہ ٹرانسفارمرس کی صفائی کے علاوہ برقی سربراہی کو مؤثر بنایاجاسکے لیکن عوام کی شکایت ہے کہ برقی سربراہی کو بہتر بنانے کیلئے روزانہ برقی سربراہی کی کٹوتی نہیں ہوتی بلکہ گرما کی آمد سے قبل ہی ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے یہ اقدامات کرلئے جانے کے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر موسم گرما کے دوران ہی برقی سربراہی منقطع ہونے کے واقعات پیش آتے ہیں جس کے سبب عوام اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور عوام ان حالات میں سوائے شکایات کے کچھ اور کر نہیں پاتے کیونکہ محکمہ برقی کی جانب سے یہ کہہ دیاجاتا ہے کہ کام جاری ہے اور اندرون کچھ گھنٹوں میں برقی سربراہی بحال کردی جائے گی۔دونوں شہروں بالخصوص پرانے شہر کے کئی علاقوں میں روزانہ 2گھنٹے برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے اور یہ کہا جا رہاہے کہ برقی سربراہی کو بہتر بنانے کے لئے مرمتی کام جاری ہیں جبکہ اصول کے مطابق یہ کام موسم گرما کی آمد سے قبل کرلیا جانا چاہئے ۔ریاست کے شہری علاقو ںمیں حکومت کی جانب سے 24گھنٹے معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کے اعلانات کئے جا رہے ہیں لیکن بعض عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں جہاں برقی کی کھپت میں اضافہ ہوجاتا ہے اور موسم گرما کے دوران ہونے والی اضافی کھپت کو معمول کے مطابق بنائے رکھنے اور دیگر علاقو ںمیں مؤثر سربراہی کو برقرار رکھنے کیلئے ایسا کیاجانا ضروری ہوتا ہے جبکہ بعض عہدیدارو ںکا ماننا ہے کہ سب اسٹیشنس پر اضافی بوجھ عائد نہ ہو اس کے لئے محکمہ برقی کے انجینئیرس کی رائے حاصل کرتے ہوئے جن علاقو ں میں برقی کھپت میں اضافہ ہوتا ہے ان علاقوں میں مختصر وقفہ کے لئے برقی سربراہی منقطع کی جاتی ہے ۔شہریوں کو معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ قبول کرنے کا اعلان کیاجاتا ہے لیکن موسم گرما کے دوران برقی سربراہی میں کٹوتی یا کم وولٹیج کے ساتھ غیر معیاری برقی سربراہی معمول بنا ہوا ہے اور اس میں تبدیلی ناگزیر ہے۔