متعلقہ عہدہ داروں کے ہمراہ ضلع کلکٹر جگن موہن کا جائزہ اجلاس
عادل آباد /5 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موسم گرما کے پیش نظر دیہی عوام کو گزشتہ سال خاطر خواہ پینے کا پانی فراہم نہ ہونے کے سبب کئی بیماریاں پیدا ہوئی تھیں۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مقامات پر خصوصی دلچسپی لینے کی ہدایت ضلع کلکٹر ایم جگن موہن نے دی اور مواضعات کی سطح پر پانی فراہم کرنے والے متعلقہ عہدہ داروں کو صاف شفاف پینے کا پانی ٹینکروں کے ذریعہ فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ ضلع کلکٹر اپنے چیمبر میں موسم گرما میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے اور اس دوران پھیلنے والی مہلک بیماریوں کے انسداد سے متعلق عہدہ داروں کے اجلاس سے مخاطب تھے۔ اس موقع پر ڈی آر او پرساد راؤ، ای سی ڈی ایس پی ڈی میرا بنرجی، ڈی ایم ایچ او شریمتی رکمنی اماں، ڈی ایم ایچ او پربھاکر ریڈی، آر ڈبلیو ایس ای ای سرینواس کے علاوہ دیگر عہدہ دار بھی موجود تھے۔ ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدہ داروں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز قبول کرتے ہوئے ضلع کے تمام گرام پنچایتوں کے آنگن واڑی مراکز پر بیماریوں پر قابو پانے کی غرض سے مشاورت کا متعلقہ عہدہ داروں کو مشورہ دیا اور گرام پنچایت کی سطح پر موسم گرما کے کے سبب پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کی خاطر ضروری ادویات رکھنے کی ہدایت دی۔ انھوں نے مواضعات میں برقی سربراہی کا لحاظ رکھتے ہوئے پینے کا پانی فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ ایسے مقامات جہاں پانی کی قلت کو محسوس کیا جاتا ہے ٹینکروں کے ذریعہ پینے کا پانی فراہم کرنے اور گرام پنچایت کی سطح پر نالیوں کی صفائی کراتے ہوئے صاف ستھرا ماحول بنانے کی ذمہ داری انھوں نے سرپنچوں کو سونپی۔