موسم گرما میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین

محبوب نگر کے 55منڈلوں میں شدید قلت، ٹینکرس سے سربراہی کے اقدامات
محبوب نگر۔/22فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موسم گرما میں ضلع کے 2000سے زائد مواضعات میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ کیونکہ ضلع میں عموماً بارش 604.60 ملی میٹر ہونا چاہیئے لیکن گزشتہ سال 480.30 ملی میٹر ہی ریکارڈ کی گئی جس سے پانی کی سطح مزید نیچے ہوگئی ہے۔ باؤلیوں کے قریب بورویلس اور ہینڈ پمپس خشک ہوگئے ہیں۔ کسانوں کے زرعی مقاصد کیلئے بورویلس استعمال کرنے سے پانی کی سطح مزید اتر گئی ہے۔ فبروری 2014ء میں ایم جی بی ایل ( میٹر کلوڈاؤن لیول ) 9تھا جبکہ اب یعنی فبروری 2015 میں 11.35 یعنی 2.33میٹرس پانی کی سطح مزید نیچے ہوگئی ہے۔ ضلع کے 64منڈلوں کے منجملہ 55منڈلوں کے 2688 مواضعات میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین ہوچکا ہے۔ سب سے زیادہ بومراس پیٹ منڈل کے 109دیہاتوں میں اور فرخنگر کے 101، ویلدنڈہ 88، کتور 84، مدور 81، آمنگل 77، تلکنڈہ پلی 74، کندرگ 72، ماڈگل66، بجنا پلی 63، دولت آباد 62 اس طرح ضلع کے 13,08,517 دیہی عوام پینے کے پانی کے مسئلہ سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ اس مسئلہ کے حل کیلئے تیز رفتاری کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں۔640 بورس کی مرمت اور 195ٹینکرس کی مرمت اور 195 ٹینکرس کے ذریعہ دیہاتوں میں پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کیلئے 7کروڑ روپئے درکار ہیں۔ دیہاتوں میں پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنا منڈل کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ اس کمیٹی میں تحصیلدار، ایم پی ڈی او، اے ای آر ڈبلیو ایس ممبران ہوتے ہیں۔ ان عہدیداروں کو متاثرہ دیہاتوں کی شناخت کرتے ہوئے پانی فراہم کرنا ہوگا۔ کروپاکر ریڈی ایس آئی آر ڈبلیو ایس نے بتایا کہ اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔