ضلع نظام آباد میں 6 کروڑ روپئے کے زرعی نقصان کا ابتدائی اندازہ ، کسان بے حد پریشان
نظام آباد:14؍ اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں گذشتہ تین دنوں سے غیر موسمی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تیز ہوا، ژالہ باری اور بارش کی وجہ سے فصلوں کی تباہی، درختوں کو نقصان، برقی کھمبے زمین بوس ہوگئے اور برقی نظام درہم برہم ہورہا ہے۔ کل رات ضلع نظام آبادکے کاماریڈی، نظام آباد، آرمور، بودھن اور دیگر مقامات پر بارش کی وجہ سے سینکڑوں ایکر فصل کو نقصان ہوا ہے ۔ خاص طور سے دھان، مکئی ، آم اور ہلدی کی فصل کو شدید نقصان ہواہے۔ ضلع نظام آباد کے نظام آبادڈیویژن میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈدرج کی گئی ہے۔ جبکہ کاماریڈی میں 110 ملی میٹر بارش ریکارڈ درج کی گئی۔ کاماریڈی کے علاوہ آرمور میں40 ملی میٹر، بالکنڈہ میں 34 ، ویلپور میں 24، تاڑوائی میں 62، لنگم پیٹ میں 40 ، ناگی ریڈی پیٹ میں 53 ، سداشیو نگر میں 54ملی میٹر بارش ریکارڈدرج کی گئی۔ ضلع نظام آباد میں کل رات ہوئی بارش اور ژالہ باری و تیز ہوائوں کی وجہ سے ضلع کے مختلف مقامات پر کئی درخت زمین بوس ہوگئے برقی پولس بھی ٹوٹنے کی وجہ سے ضلع میں کل رات برقی سربراہی میں زبردست خلل پیدا ہوا جس کی وجہ سے عوام کو رات بھر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلع میں گذشتہ تین دنوں سے ہوئی بارش کی وجہ سے 4560 ایکر میں دھان کی فصل کو نقصان ہوا۔ دھان کے علاوہ مکئی، جوار،سورج کا پھول، سجا، تل و دیگر فصلوں کو نقصان ہوا۔ کھڑی فصل تباہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو تقریباً6 کروڑ روپئے کا ابتدائی اندازہ لگایا گیا ہے۔ ضلع میں غیر موسمی بارش برسات کا منظر پیش کررہی تھی اور تین دنوں سے ہورہی بارش کی وجہ سے تمام کام کاج متاثر ہورہے ہیں ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ مشن کاکتیہ پروگرام بارش کی وجہ سے متاثر ہوا ہے اور کئی تالابوں کا کام رک گیا ہے بارش کی تباہ کاریوں کا فوری جائزہ لیتے ہوئے بھیگے اناج کو حکومت کی جانب سے خریدنے اور تباہ کاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے معاوضہ ادا کرنے کی تلگودیشم ایم ایل سی ارکلہ نرساریڈی نے حکومت سے پرُ زور مطالبہ کیا۔ ضلع میں ہورہی بارش سے عوام کو گرمی سے راحت حاصل ہوئی لیکن کسانوں کو بارش نقصاندہ ثابت ہوئی۔ ربیع اور خریف دونوں فصلیں کے متاثر ہونے سے ضلع کے کسان بے حد پریشان نظر آرہے ہیں اور انہیں جنگی خطوط پر امداد کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔