موسم گرما : خوراک پر توجہ دیں

موسم گرما میں خواتین کیلئے سب سے بڑا مسئلہ جلد کی حفاظت ہے کیونکہ گرمیوں کے موسم میں جلد خراب ہوجاتی ہے۔ لیکن قدرت کے ایسے بہت سے انمول تحفے ہیں جن کی مدد سے ہم اپنی جلد کو خوبصورت بناسکتے ہیں۔ جن میں دودھ، انڈہ، دہی اور شہد سرفہرست ہے۔ عرق گلاب اور عرق چنبیلی ہے اور یہ صدیوں سے استعمال ہوتے آرہے ہیں۔
عام طور پر جلد کی دو اقسام ہوتی ہیں۔ چکنی جلد اور خشک جلد۔ اگر آپ کی جلد خشک ہے تو آپ اپنی جلد کو خوبصورت بنانے کیلئے اپنی خوراک پر توجہ دیں۔ دن میں دس سے بارہ گلاس پانی پئیں اور کسی اچھے ڈاکٹر کے مشورے سے وٹامن اور آئرن کی گولیاں استعمال کریں۔ خشک جلد کیلئے ایک گھریلو نسخہ جس کے استعمال سے خشک جلد کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ایک چمچہ شہد میں آدھا لیموں کا رس ملا کر لگائیں اسے دس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر تازہ پانی سے چہرہ کو دھولیں۔ روزانہ یہ عمل کرنے سے جلد کی نمی محفوظ رہتی ہے۔ گرمیوں میں چکنی جلد کے مسام کھل جاتے ہیں اور کھلے مساموں میں میل بھر جاتی ہے اور میل کی وجہ سے چہرے پر دانے نکل آتے ہیں۔ دانے چہرے کو بدنما بنادیتے ہیں اور تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔ چکنی جلد والی خواتین کو تیز مصالحے اور تلی ہوئی چیزوں سے پرہیز کرنا چاہئے اور پھلوں اور سبزیوں کے جوس کا زیادہ استعمال کرنا چاہئے۔