سنگاریڈی۔/22جولائی، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں موسم برسات کا آغاز ہوچکا ہے لیکن بارش نہ ہونے کی وجہ سے تالاب و کنٹے آہستہ آہستہ خشک ہورہے ہیں۔سرد موسم اور تیز ہواؤں کے باوجود بھی بارش ندارد ہے جس کے باعث کسان پریشان حال ہیں۔ کسان بار بار آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور کئی مقامات پر بارش کیلئے خصوصی دعاؤں و عبادات کا بھی اہتمام کیا جاچکا ہے۔ موسم میں اچانک تبدیلی اور بارش کی پیش قیاسی کے باوجود بھی صرف بوندا باندی ہورہی ہے چنانچہ ترکاریوں اور چاول و دیگر اجناس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ زرعی کاموں کی انجام دہی کیلئے بارش کا ہونا ضروری ہے۔