موسم بارش میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا جائزہ ، انجینئرس کو ذمہ داری

مئیر اور کمشنر بلدیہ کو ہدایت ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے موسم بارش کے پیش نظر جی ایچ ایم سی کے حدود میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور نگرانی کا جائزہ لیتے ہوئے سڑکوں کو مختلف گرڈس میں تقسیم کرنے اور ایک ایک انجینئر کو سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ۔ ریاست کے مختلف شہروں اور بلدی علاقوں میں کھلے عام رفع حاجت پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ دوسرے شہروں میں ایل ای ڈی لائٹس تنصیب کرنے کے کاموں میں تیزی پیداکرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ شہر میں جاری بارش کا کے ٹی آر نے جائزہ لیا ۔ موسم بارش کے اختتام تک سڑکوں پر خصوصی نظر رکھنے بارش سے ناکارہ ہونے والی سڑکوں کو فوری درست کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ سڑکوں پر نظر رکھنے کے لیے جی ایچ ایم سی کے انجینئرس اور دوسرے عہدیداروں کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ شہر کے سڑکوں کو مختلف گرڈس میں تقسیم کرتے ہوئے ان سڑکوں کی نگرانی و دیکھ بھال کے لیے عہدیداروں کو مامور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ عہدیداروں کے ساتھ مئیر جی ایچ ایم سی اور کمشنرس کو سڑکوں کے مرمتی کاموں کا جائزہ لینے ناکارہ سڑکوں کو فوری درست کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جی ایچ ایم سی انجینئرنگ شعبہ کے عہدیداروں کے لیے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی ۔ انجینئرنگ شعبہ کا ہر ملازم ہر دن کم از کم تین تا 4 گھنٹے سڑکوں کی نگرانی کریں ۔ جاریہ سال سڑکوں کی تعمیرات میں جی ایچ ایم سی نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے بارش کے باوجود سڑکوں کو زیادہ نقصان نہیں پہونچا ہے ۔ گذشتہ سال کے تجربہ کو مد نظر رکھتے ہوئے جاریہ سال مزید احتیاط برتنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے شہر میں ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں شامل تمام سڑکوں پر خصوصی توجہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ شہر میں سڑکوں کی ترقی کے لیے تشکیل دیئے گئے خصوصی ادارے ( ایس پی وی ) کی جانب سے تیار کردہ پلان کا بھی کے ٹی آر نے جائزہ لیا ۔ اس ادارے کی جانب سے پہلے مرحلے میں 300 کیلو میٹر سڑک کی ترقی کے لیے تیار کردہ پلان کو فوری منظور کرتے ہوئے جی او جاری کرنے کی سکریٹری بلدی نظم و نسق نوین متل کو ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف شہروں بلدی علاقوں میں کھلے عام رفع حاجت پر عائد کئے گئے امتناع کے نتائج پر عہدیداروں سے بھی وضاحت طلب کی ۔ عہدیداروں نے وزیر بلدی نظم و نسق کو بتایا کہ اس پر 73 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے ۔ 7 شہروں میں مختلف وجوہات کے باعث کاموں میں تاخیر ہورہی ہے ۔ کے ٹی آر نے ان ادھورے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دوسرے شہروں میں دیوالی سے قبل ایل ای ڈی لائٹوں کی تنصیب میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔۔
مشاعرہ ایک شام شمس جالنوی کے نام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( راست ) : بزم اردو ادب تلنگانہ کے زیر اہتمام مشاعرہ ’ ایک شام شمس جالنوی کے نام ‘ 10 جولائی اردو مسکن خلوت میں منعقد ہوگا ۔ اردو دنیا کے معروف مترنم شاعر جناب شمس جالنوی کی زائد از چھ دہوں کے شعری سفر کے اعتراف میں تہنیت پیش کی جائے گی ۔ مشاعرہ میں چند بیرون ریاست شعراء کے علاوہ حیدرآباد اور اضلاع کے سنجیدہ و مزاحیہ شعراء شرکت کریں گے ۔ داخلہ کی عام اجازت رہے گی ۔۔