نئی دہلی ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الیکشن کمیشن سے بی جے پی قائد سبرامنیم سوامی کے خلاف شکایت کی کہ وہ یوپی بی جے پی کے صدر کیشو پرساد موریا کے بیان کی جو رام مندر کے حساس مسئلہ پر دیا گیا ہے، تائید کررہے ہیں اور مطالبہ کیا کہ دونوں کو فوری انتخابی مہم چلانے سے روک دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کو شکایت کرتے ہوئے کل ہند کانگریس کے سکریٹری برائے قانونی و انسانی حقوق شعبہ کے سی متل نے کہا کہ سوامی نے موریا کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک عظیم الشان رام مندر بی جے پی کو یو پی میں اکثریت حاصل ہونے کے بعد ایودھیا میں تعمیر کیا جائے گا۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو بی جے پی اور اس کے قائدین کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ ان قائدین کو کسی بھی جلسہ چاہے وہ عام جلسہ ہو یا نکڑ ناٹک، خطاب کرنے کی یا پریس کانفرنس منعقد کرنے کی اجازت دی جائے۔ جب تک کہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ رہے۔ علاوہ ازیں 27 جنوری کے اس مکتوب میں صرف مذہبی اجتماعات کو استثنیٰ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔