مورگن ٹوئنٹی 20 میں ڈی آر ایس کے خواہاں

ناگپور۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے کپتان آیان مورگن نے ہندوستان کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ کے آخری اوور میں امپائر کی غلطی کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں ڈی آر ایس متعارف کرنے کا مشورہ دے دیا۔ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے آخری اوورز میں انگلینڈ کوکامیابی کے لئے 8 رنز درکار تھے لیکن پہلی ہی گیند پر تجربہ کار  جو روٹ کو آؤٹ قرار دیا گیا جس کے بعد ٹیم 5 رنز سے میچ ہار گئی۔ رپورٹ کے مطابق روٹ کے آؤٹ ہونے کے منظر کو ٹی وی کے ری پلے میں دکھایا گیا تو یہ واضح ہورہا تھا کہ گیند بیٹ کا اندرونی کنارہ لینے کے بعد ان کے پیڈ سے ٹکرائی تھی لیکن امپائر شمس الدین کی جانب سے آؤٹ دیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔خیال رہے کہ کرکٹ میں امپائر کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا نظام ڈی آر ایس صرف ٹسٹ اور ونڈے میں رائج ہے۔روٹ کو آؤٹ قرار دینے والے امپائر نے ہی پہلی اننگز میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو کرس جارڈن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ نہیں دیا تھا حالانکہ بولر کو ان کی گیند مڈل اسٹمپ پر ہونے کا پورا یقین تھا جبکہ ری پلے میں بھی ایسے ہی منظر قید ہوا ۔
ورلڈ کپ کوالیفائی ، ہندوستان کو پسندیدہ موقف
دوبئی ۔ /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ کوالیفائیر 2017 ء کیلئے گروپ اے میں ہندوستانی ٹیم کو پسندیدہ موقف حاصل ہے ۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں سری لنکا کے خلاف ایک شکست کے باوجود 24مقابلوں میں ہندوستان کو 22-1 کی فتوحات کا ریکارڈ حاصل ہے ۔ اس گروپ میں دیگر ٹیمیں آئرلینڈ ، زمبابوے اور تھائی لینڈ ہیں ۔ گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ ، پاکستان ، پاپوانیو جنیوا ، بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں ۔