ترواننت پورم،30مئی(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی 17جون کو الوا میں کوچی میٹرو کا افتتاح کریں گے ۔کیرالہ کے اس سب سے بڑے پروجکٹ کی تکمیل کا تخمینہ 5،180کروڑ ہے ۔وزیر اعلی پنارائی وجین کے دفتر نے اس کی اطلاع دی۔موصولہ خبروں کے مطابق نئی دہلی نے اس بابت وزیراعلی کو مکتوب روانہ کیا تھا کہ مسٹر مودی اس پروگرام میں شرکت کریں گے اور وہ میٹرو کا افتتاح کریں گے ۔پہلے مرحلہ میں 13کلومیٹر ریلوے لائن کا کام مکمل ہوگیا ہے اور تمام اسٹیشن بن کرتیار ہوچکے ہیں۔افتتاح کے بعد میٹرو کی سروس شروع ہو جائے گی۔میٹرو ٹرین الوا سے پلریواٹٹم کے درمیان چلے گی۔دوسرے مرحلے کی میٹرو کا کام 12کیلومیٹر کا ہوگا جو الوا سے پٹٹا کے درمیان چلائی جائے گی۔اس معاملے میں ایک تنازع بھی پیدا ہو گیا تھا جب کیرالہ کے ایک وزیر نے یہ بیان دے دیا تھا کہ وزیر اعلی مسٹر وجین اس پروجکٹ کا افتتاح کریں گے ،لیکن مسٹر وجین کے دفتر نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ مسٹر مودی اس افتتاحی پروگرام میں شریک ہو رہے ہیں۔
وزیراعلی کے طورپر کلیان کے بعد یوگی کریں گے رام للا کے درشن
اجودھیا،30مئی(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ ”رام للا”کے درشن کرنے والے ریاست کے دوسرے وزیراعلی ہوں گے ۔وہ کل صبح قریب نو بج کر 15منٹ پر اجودھیا پہنچیں گے ۔مسٹر یوگی سے پہلے 1991 میں وزیراعلی بننے کے بعد کلیان سنگھ نے رام للا کے درشن کئے تھے ۔ان کے ساتھ کابینہ کے کئی ساتھی بھی تھے ۔مسٹر سنگھ نے جس وقت رام للا کے درشن کئے تھے اس وقت متنازعہ ڈھانچہ موجود تھا لیکن مسٹر یوگی کے وقت ڈھانچہ نہیں ہے اور رام للا عارضی جگہ پرنصب ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)ذرائع کے مطابق مسٹر یوگی رام للا کے درشن کے ساتھ ہی ہنومان گڑھی میں ہنومان جی کے درشن کریں گے ۔وزیراعلی کا شری رام جنم بھومی نیاس کے صدر نرتیہ گوپال داس کی سالگرہ میں بھی شامل ہونے کا پروگرام ہے ۔سالگرہ منی رام داس جی کی چھاونی میں منائی جارہی ہے ۔