مودی ’ گجرات کی خودسری ‘ ملک بھرمیں پھیلائیں گے : رام پنیانی

نئی دہلی ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سماجی جہد کاروں پر مشتمل گروپ نے بی جے پی اور نریندر مودی کے خلاف مہم شروع کی ہے اور کہا کہ اگر وہ اقتدار پر آجائیں تو ’ گجرات کی خودسری ‘ ملک بھر میں پھیلائیں گے جس سے جمہوری و سیکولر امیج متاثر ہوگی ۔ سکریٹری آل انڈیا سیکولر فورم رام پنیانی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک کو ’ فسطائی مملکت ‘ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور انہیں شکست دینے کے لیے قومی سطح پر مہم چلائی جائے گی ۔ وہ ایک تقریب سے مخاطب تھے ۔ جہاں بعض جہد کاروں نے جن واد وچار آندولن ، بھارت کے قیام کا اعلان کیا ۔ سماجی کارکن شبنم ہاشمی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات کے خلاف ہیں اور یہ مخالفت مخصوص مودی کے لیے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے خلاف ملک گیر سطح پر مہم چلائی جائے گی ۔

روہتک میں آج عام آدمی پارٹی کی ریلی ‘ انتخابی مہم کا آغاز
چندی گڑھ ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال کل ہریانہ کے روہتک میں ریلی سے خطاب کے ساتھ آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔ ہریانہ میں عام آدمی پارٹی کے ترجمان راجیو گوڈارا نے کہا کہ کجریوال کل روہتک میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔ اس ریلی سے آپ کے سینئر قائدین یوگیندر یادو ‘ منیش سیسوڈیا اور دوسرے بھی خطاب کریں گے ۔ روہتک ‘ ہریانہ کے چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا کا آبائی ضلع ہے ۔ کجریوال اور یادو کا تعلق بھی ہریانہ سے ہے اور کانگریس کے زیراقتدار اس ریاست میں عام آدمی پارٹی بھی اپنی بنیادوں کو وسعت دینا چاہتی ہے ۔ اس دوران بائیں بازو کی جماعتیں کل حصار میں وکلپ ریلی منعقد کریں گی جس سے سی پی آئی (ایم) کے لیڈر سیتارام یچوری اور سی پی آئی کی امرجیت کور خطاب کریں گے ۔