مودی کے 7 نومبر کو دورۂ وارناسی کا امکان

وارناسی 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی امکان ہے کہ دو روزہ دورے پر اگلے ماہ وارناسی پہونچیں گے جس کے دوران وہ اپنے حلقہ انتخاب کے ایک دیہات کو گود لینے کے منصوبہ کا اعلان کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ مثالی دیہات اسکیم کے تحت وہ ایک دیہات کی ذمہ داری قبول کریں گے۔ بنارس ہندو یونیورسٹی میں صدمہ مرکز کا افتتاح کریں گے۔ 7 اور 8 نومبر کو اِن کا دورہ متوقع ہے۔ ضروری منصوبہ بندی اور صیانتی انتظامات اُن کے دورہ سے قبل کئے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پروٹوکول اوم پرکاش چوبے نے کہاکہ وزیراعظم کے دفتر سے کل رات ضلعی انتظامیہ کو ایک اطلاعاتی مکتوب وصول ہوا ہے۔ اِس مکتوب میں اِس دورہ کی ایک ایک منٹ کی تفصیل درج کی گئی ہے۔ تاہم یہ مکتوب اُنھیں ہنوز وصول نہیں ہوا۔ وہ اِس کا انتظار کررہے ہیں۔ دیہات گود لینے کے علاوہ وزیراعظم دیگر پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔ وارناسی کے میڈیا کے انچارج سنجے بھردواج نے کہاکہ وزیراعظم کا دو روزہ دورہ قبل ازیں 14 اور 15 اکٹوبر کو مقرر تھا جو سمندری طوفان ہدہد کی آمد کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا۔ وہ اسی دورہ میں بنارس ہندو یونیورسٹی کے صدمہ مرکز کا افتتاح بھی کرنے والے تھے۔