کانگریس کارکن پولنگ کے بعد بھی چوکس رہیں : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول نے جمعہ کو اپنی پارٹی کے کارکنوں پر زور دیاکہ وہ راجستھان اور تلنگانہ میں رائے دہی کے اختتام کے بعد بھی چوکس رہیں کیونکہ ’’مودی کے ہندوستان‘‘ ’ای وی ایمس (الیکٹرانک ووٹنگ مشین) پراسرار طاقت ہیں‘۔ راہول گاندھی نے ان دونوں ریاستوں میں اپنی پارٹی کے ورکرس پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ پولنگ بوتھس پر چوکس رہیں اور پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’ایم پی (مدھیہ پردیش) میں پولنگ کے بعد ہی ای وی ایمس عجیب انداز میں کام کرنے لگے تھے۔ چند نے ایک بس کا سرقہ کرلیا تھا اور دو دن تک غائب ہوگئے تھے!۔ چند دوسرے پھسل گئے (چکمہ دیدیا) اور ایک ہوٹل میں چائے پیتے ہوئے ملے۔ مودی کے ہندوستان میں ای وی ایمس کو عجیب پراسرار اور غیبی طاقتیں حاصل ہیں‘‘۔ وہ دراصل مدھیہ پردیش میں 28 نومبر کو پولنگ کے اختتام کے 48 گھنٹوں بعد ای وی ایمس کلکشن سنٹر کو پہنچے تھے۔