مودی کے ہمراہ 1000گجراتی بھی امریکہ جائیں گے

احمدآباد۔24اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کے آئندہ ماہ سرکاری دورہ امریکہ کے موقع پر تقریباً 1000گجراتی بھی جائیں گے ۔ درائع کے مطابق مودی کے دورہ کی تیاریاں بڑے پیمانے پر ہورہی ہیں ۔ گجرات بی جے پی سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین ‘بااثر ارکان پارلیمنٹ ‘ ریاست کے مخصوص کابینی وزراء ‘ میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹرس اور صنعتکاروں کا بہت بڑا گروپ مودی کا ہم رکاب ہوگا ۔ ان میں سے کئی شخصیتوں نے ویزا کی درخواستیں داخل کردی ہیں ۔ امریکی قونصل خانہ میں بی جے پی قائدین کی ویزا درخواستوں کا انبار لگ رہا ہے ۔ صدر امریکہ بارک اوباما نے مودی کو دورہ امریکہ کا دعوت نامہ روانہ کیا ہے اور ان کے ملک کو سرکاری دورہ کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی زبردست کامیابی کے بعد مرکز میں نریندر مودی زیرقیادت این ڈی اے حکومت اقتدار حاصل کرنے کے فوری بعد صدر امریکہ نے مودی کو دورہ امریکہ کی دعوت دی تھی ۔ بعد ازاں مودی نے اس دعوت کو قبول کرلیا تھا ‘ وہ اس سال ستمبر میں امریکہ کا دورہ کریں گے ۔