مودی کے ہاتھ میں تمام اختیارات مرکوز : راہول گاندھی

تھرواننتاپورم۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت پر اپنی تنقید میں شدت پیدا کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ سابق حکومتوں کے برعکس بشمول واجپائی حکومت تمام اختیارات اب صرف ایک ہی شخص کے ہاتھوں میں مرکوز ہیں جو کسی سے تبادلہ خیال کے بغیر فیصلہ کرتا ہے۔ وہ مجلس عاملہ کیرالا پردیش کانگریس کے توسیعی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ عوام کو بااختیار بنانے کی علمبردار رہی ہے لیکن اب صورتحال مختلف ہے۔ یہاں تک کہ ملک کی پہلی بی جے پی زیرقیادت واجپائی حکومت نے بھی اس قسم کا رویہ اختیار نہیں کیا تھا۔

راجیہ سبھا میں کرشنا ائیر کو خراج عقیدت
نئی دہلی ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : راجیہ سبھا میں آج ماہر قانون اور سپریم کورٹ کے سابق جج کرشنا ایر کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی صدر نشین حامد انصاری نے یہ اطلاع دی کہ کرشنا ایر کا بعمر 100 سال 4 دسمبر کو انتقال ہوگیا ۔ انہیں ممتاز قانون داں اور ماہر دستور قرار دیتے ہوئے حامد انصاری نے کہا کہ ایک وکیل کی حیثیت سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور ترقی کرتے ہوئے 1973 تا 1980 سپریم کورٹ جج کے عہدہ پر فائز رہے ۔ وہ ایک سماجی مصلح تھے ۔ ان کے فیصلوں میں حقوق انسانی اور قانون کی حکمرانی جھلکتی تھی ۔