مودی کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہیں : ملائم

وارناسی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج نریندر مودی پر ان کے اس مسلسل ریمارک پر تنقید کی کہ بی جے پی اتر پردیش کو گجرات میں تبدیل کردیگی ۔ ملائم سنگھ یادو نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہیں۔ملائم سنگھ نے بی جے پی سے سوال کیا کہ وہ نریندر مودی کو وزارت عظمی امیدوار کیسے بناسکتی ہے جب مودی کے اقتدار والی ریاست میں مظالم ڈھائے گئے اور قتل عام کیا گیا ہے ۔ ان کا اشارہ گجرات میں ہوئے مسلم کش فسادات کی سمت تھا ۔ ملائم سنگھ یادو نے یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورکھپور میں ایک ریلی ہو رہی ہے جہاں بی جے پی وزارت عظمی امیدوار مہمان خصوصی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یو پی میں گجرات بنادینگے ۔ لیکن پہلے سوچ لینا چاہئے ۔

یو پی کو گجرات نہیں بنایا جاسکتا ۔ آپ گجرات جیسا کرسکتے ہیں۔ مظالم اور قتل عام ہوسکتے ہیں کیونکہ گجرات میں یہی کچھ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات کیلئے مودی ذمہ دار ہیں اور ان کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ سماجوادی پارٹی نے یہ اپنی ’’ دیش بچاؤ ۔ دیش بناؤ ‘‘ ریلی اسی دن منعقد کی ہے جس دن گورکھپور میں مودی کی ریلی منعقد ہو رہی ہے ۔ حکومت گجرات کی کارکردگی کا یو پی حکومت کی کارکردگی سے تقابل کرتے ہوئے ملائم سنگھ نے عوام سے کہا کہ وہ معلوم کریں کہ آیا یو پی اے حکومت نے بیروزگاری الاؤنس دیا ہے ؟ ۔ کیا انہوں نے کسانوں کے قرض معاف کئے ہیں یا خواتین کو خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے کوئی بھی کام انہوں نے کیا ہے ۔ عوام جانتے ہیں کہ بی جے پی افواہیں پھیلانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کرتی ۔

انہوں نے کہا کہ مرکز میں انتخابات کے بعد کوئی بھی حکومت سماجوادی پارٹی کے بغیر قائم نہیں ہوگی ۔ انہوں نے مرکز میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مسلسل اسکامس اور افراط زر کی شرح میں اضافہ سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ یو پی اے نے گذشتہ پانچ سال میں کیا ہے ۔ سوائے اسکامس کے کچھ بھی نہیں ہوا ہے ۔ صرف اسکامس ‘ مظالم ‘ افراط زر اور کرپشن ہی میں بڑھاوا ہوا ہے ۔ اسکام اور افراط زر کی وجہ سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے لوک سبھا میں مہنگائی پر کئی مباحث دیکھے ہیں لیکن ان کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ہے ۔