برہماپوری (مہاراشٹرا) ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی جنہیں گذشتہ کچھ دنوں سے حلق کے انفیکشن کا سامنا ہے، وہ آج ایک انتخابی ریالی میں اپنی تقریر کو بمشکل 9 منٹ جاری رکھ سکے۔ نریندر مودی نے ناگپور میں شب بسری کی تھی اور بعدازاں آئی اے ایف کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مہاراشٹرا کے چندراپور ڈسٹرکٹ میں واقع برہما پوری پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنی مختصر تقریر کے دوران کہا کہ کل رات تک سب کچھ ٹھیک ٹھاک تھا، آج صبح سے ہی ان کے گلے میں شدید خراش ہے۔ انہوں نے اس موقع پر وہاں موجود لاکھوں افراد سے معذرت خواہی کی کہ وہ اس وقت اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ تقریر کرنے کے موقف میں نہیں ہیں البتہ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ مابعد انتخابات ایک بار پھر وہاں آئیں گے۔ اس موقع پر مقامی ایم پیز ہنسراج آہیر و اشوک بنئے کے علاوہ ایم ایل ایز اور چندرا پور گڈچرولی اضلاع کے 9 حلقہ رائے دہی سے انتخابات لڑنے والے امیدوار بھی موجود تھے۔