وزیر اعظم کے پروگراموں میں مجھے کبھی مدعو نہیں کیا گیا : اوم پرکاش راج بھر
بلیا۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے کابینی وزیر اور سہلدیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 29 ڈسمبر کو غازی پور میں منعقد شدنی وزیراعظم نریندر مودی کی ریالی میںشرکت نہیں کریں گے۔ راج بھر نے جو ضلع غازی پور میں حلقہ اسمبلی ظہورآباد کی نمائندگی کرتے ہوئے بہبودی پسماندہ طبقات کے وزیر ہیں، ان کی ایس بی ایس پی اترپردیش میں حکمراں بی جے پی کی حلیف ہے۔ آج بھر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں 29 ڈسمبر کو غازی پور میں منعقد شدنی وزیراعظم کی ریالی میں شرکت نہیں کروں گا‘‘۔ وزیراعظم نریندر مودی 29 ڈسمبر کو پسماندہ طبقات کے مہاراجہ سہلدیو راج بھر کے یادگاری ڈاک ڈاک ٹکٹ کی اجرائی اور غازی پور میں انفراسٹرکچر پراجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے یہ دورہ کرہے ہیں۔ راج بھر نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس ضلع میں پوروانچل کے کسی بھی حصہ میں منعقدہ وزیراعظم کے پروگراموں میں انہیں کبھی بھی مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ اس سوال پر کہ آیا وہ 2019ء کے لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، راج بھر نے جواب دیا کہ بی جے پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر کوئی مفاہمت نہ ہونے کی صورت میں ایس بی ایس پی اترپردیش کے تمام 80 اور بہار کے 16 لوک سبھا حلقوں سے مقابلہ کرے گی۔ ایس بی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی اپنے طور پر مقابلہ کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔