نئی دہلی 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس سربراہ راہول گاندھی نے آج زرعی بحران کے مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی پر لفظی حملہ میں کہاکہ وہ انیل امبانی اور کسانوں کے لئے دو علیحدہ ہندوستان بنارہے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ مہاراشٹرا میں ایک کسان کو 750 کیلو پیاز کے عوض 1040 روپئے دیئے گئے۔ راہول نے ٹوئیٹ میں کہاکہ مودی جی دو ہندوستان بنارہے ہیں۔ ایک انیل امبانی کے لئے جو کچھ بھی کئے بغیر اور کوئی طیارہ بنائے بغیر مودی جی سے 30 ہزار کروڑ روپئے مالیت کا رافیل کنٹراکٹ حاصل کرلیتے ہیں۔ دوسرا ہندوستان کسانوں کے لئے ہے جنھیں اپنی فصل کی واجبی قیمت حاصل نہیں ہوتی بلکہ 4 ماہ کی سخت محنت کے بعد اُنھیں 750 کیلو پیاز پر مودی جی سے صرف 1040 روپئے ملتے ہیں۔ کانگریس کسانوں کے مسائل پر مودی حکومت کو نشانہ بناتی رہی ہے لیکن حکومت نے اِن دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے نشاندہی کی ہے کہ کسانوں کے لئے کئی بہبودی اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔