وارانسی ۔ 20 ۔ ا گست (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے پارلیمانی دفتر کا افتتاح کیا جو وارانسی کے عوام کے منتخبہ نمائندہ ہیں۔ امیت شاہ کے یہاں پہنچنے پر بی جے پی ورکرس نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور جلوس کی شکل میں ایرپورٹ سے رویندر پوری علاقہ کی جانب روانہ ہوئے جہاں نریندر مودی کا بحیثیت ایم پی دفتر واقع ہے ۔ تقریب میں شرکت کے لئے بی جے پی ورکرس اور لیڈروں کی کثیر تعداد وہاں موجود تھی ۔ امیت شاہ کے پروگرام کے مطابق موصوف وارانسی میں ایک رات توقف کریں گے اور کاشی وشوناتھ مندر میں پوجا بھی کریں گے اور کل صبح حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے ۔ بی جے پی کی مقامی یونٹ کے دفتری عہدیداروں سے ملاقات بھی امیت شاہ کے پروگرام میں شامل ہے ۔ وارانسی میں اس تقریب کیلئے بی جے پی کے دفتر کو خوب سجایا گیا ہے جہاں بی جے پی کے اس نعرے کو ’’ا یک بھارت۔ شریشٹھ بھارت‘‘ کو بیانرس پر جلی حرفوں میں تحریر کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ پار ٹی کے سے نئر قائدین اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں۔