بی جے پی کا پروپگنڈہ ایک بار پھر ناکام ہوگا: میجر وید پرکاش
لکھنؤ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اے آئی سی سی کے سابقہ فوجیوں کے محکمہ کے قومی صدرنشین میجر وید پرکاش نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کا حشر بھی گزشتہ دو انتخابات سے مختلف نہیں ہوگا جب بی جے پی کے پروپگنڈہ سے پارٹی کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوا تھا۔ مسٹر پرکاش نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ لوک سبھا کے گزشتہ دو انتخابات میں بی جے پی نے زور و شور سے پروپگنڈہ کیا تھا اور جب نتائج سامنے آئے تو پروپگنڈہ پھٹا ہوا ڈھول ثابت ہوا اور اب کی بار بھی ایسا ہی ہوگا۔
نئی دہلی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی قائدین نے اپنی پارٹی وفاداریوں سے قطع نظر سہارنپور کے ایک کانگریسی امیدوار کے اُس بیان کی شدید مذمت کی ہے جہاں اُنھوں نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے ٹکڑے ٹکڑے کردینے کا بیان دیا تھا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ سہارنپور لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار عمران مسعود کہہ رہے ہیں کہ وہ نریندر مودی کے ٹکڑے ٹکڑے کردیں گے۔ اس موقع پر مسعود کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے غازی آباد سے کانگریس امیدوار راج ببر نے کہاکہ مسعود کے ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔ یہی نہیں بلکہ مشہور عالم دین مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے بھی کہاکہ اس طرح کے منافرت انگیز بیانات اور ریمارکس کے لئے ہندوستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے بیانات وحشیانہ کہلاتے ہیں جو تہذیب و تمدن کے برعکس ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا قائد ڈی راجہ نے اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے بیانات اور ریمارک کا الیکشن کمیشن اور لاء اینڈ آرڈر کی ذمہ دار ایجنسیوں کو نوٹ لینا چاہئے۔ سابق کانگریس قائد اور اب بی جے پی کے ڈومریا گنج سے امیدوار جگدمبیکا پال نے کانگریس سے معذرت طلب کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کو مسٹر مسعود کے خلاف نہ صرف تادیبی کارروائی کرنی چاہئے بلکہ معذرت خواہی بھی کرنی چاہئے۔