مودی کے لئے وزیر اعظم بننا ناممکن، کانگریس کا دعویٰ

نئی دہلی /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس اور بی ایس پی کی جانب سے بی جے پی سے تشکیل حکومت کے معاملے میں تائید کے سوال پر بے التفائی کے پس منظر میں کانگریس نے آج کہا کہ نریندر مودی کے لئے وزیر اعظم بننا ’’ناممکن‘‘ ہے، کیونکہ انھیں معقول نشستیں اور حلیفوں کی تائید حاصل نہیں ہوگی۔ پارٹی جنرل سکریٹری اجے ماکن نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ آج جس طرح کے حالات ہیں، بی جے پی یا این ڈی اے کو تشکیل حکومت کے لئے حلیف حاصل نہیں ہوسکتے۔ ہر اہم سیاسی جماعت بی جے پی اور نریندر مودی سے دور ہو رہی ہے۔ یہ وہی صورت حال ہے، جس کا ہم شروع سے تذکرہ کرتے آئے ہیں کہ مودی کے لئے وزیر اعظم بن پانا اور بی جے پی برسر اقتدار آنا ممکن نہیںہے۔