ڈاؤس 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کا ماضی انتہائی قابل اعتراض اور انتہائی متنازعہ ہے اور اسے یونہی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیر فینانس مسٹر پی چدمبرم نے یہ بات کہی ۔ چدمبرم نے کہا کہ ہم کسی سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہمارا ماضی فراموش کردیں۔ ہر کسی کو کسی امیدوار کو اس کے ماضی کے ریکارڈ اور اس کے وعدوں کی بنیاد پر جانچنے کا حق حاصل ہے ۔ مودی کا ماضی کا ریکارڈ انتہائی قابل اعتراض ‘ انتہائی متنازعہ ہے جس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور اس ماضی کو یونہی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔
مودی کی تقریر ’’ غیر حقیقی ‘’ : منیش تیواری کا ادعا
نئی دہلی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مسٹر منیش تیواری نے آج نریندر مودی کی گورکھپور میں کی گئی تقریر کو غیر حقیقی قرار دیا اور ان کے اس دعوی پر گجرات فساد کی مثال دی کہ ٹرین مسافرین ان کی ریاست میں داخل ہوتے ہوئے اطمینان محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مودی کی تقریر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے جو تقریر کی ہے اس کا انداز بھی غیر حقیقی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 1991 میں سابق وزیر اعظم چندر شیکھر نے 4 ماہ 40 سال کے مساوی کا نعرہ دیا تھا ۔ اب 23 سال بعد گجرات کے چیف منسٹر اسی نعرہ کو اختیار کر رہے ہیں۔ وہ 60 سال کے عوض 60 مہینوں کی بات کر رہے ہیں۔ اگر آپ سیاست میں ہیں تو کم از کم آپ کو حقیقی خطوط پر کام کرنا چاہئے نہ کہ کسی کے کہے ہوئے جملوں اور الفاظ کو استعمال کیا جائے ۔ حقیقت یہ ہے کہ سابقہ نعرہ کو بھی ملک کے عوام نے مسترد کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعت کو یہ احساس کرنا چاہئے کہ ملک کے عوام نے کانگریس کو 60 سال تک اقتدار کیوں بخشا ہے جبکہ بی جے پی کو چھ مہینے بھی نہیں دئے گئے ۔ انہوں نے ٹرین مسافرین کے محفوظ رہنے سے متعلق ریمارک پر کہا کہ ان کے خیال میں ابھی ملک نے اس ٹرین کو نہیں بھولا ہے جو ایودھیا سے چلی اور گجرات پہونچی تھی اور اس کے ساتھ کیا ہوا تھا ۔