مودی کے خلاف مشترکہ امیدور نامزد کرنے ایکتا دل کا مطالبہ

وارانسی ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی ایکتا دل ( کیو ای ڈی ) نے ایس پی ، بی ایس پی اور کانگریس کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے حلقہ لوک سبھا وارانسی سے اس کے امیدوار مختار انصاری کی تائید کرنے یا پھر بی جے پی میںوزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف مشترکہ امیدوار نامزد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کیو ای ڈی کے سینئر لیڈر اطہر جمال لاری نے کہا کہ سکیولر جماعتوں کو ہفتہ کے روز مکتوب روانہ کردیئے گئے جس کا مقصد مندروں کے شہر وارانسی میں فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دینا ہے ۔ بھارتیہ سماج پارٹی ، راشٹریہ پریورتن دل ، جن وادی پارٹی اور پھولن سینا نے بھی قومی ایکتا دل کی تائید کا اعلان کیاہے ، تاہم سماج وادی پارٹی نے قومی ایکتادل کے ساتھ مشترکہ امیدوار نامزد کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا اور کہا کہ ہم غنڈوں اور بدمعاشوں سے تائید حاصل نہیں کرتے ۔ قومی ایکتا دل نے اپنے سربراہ مختار انصاری کو وارانسی سے نامزد کیا ہے ۔ بی جے پی رکن اسمبلی کرشنانند رائے قتل کیس کے ضمن میں مختار انصاری فی الحال جیل میں ہیں۔