وارناسی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے نریندر مودی کو مزید تحفظ فراہم کرنے کے مطالبہ میں شدت پیدا کردی ہے کیونکہ یو پی کے علاقہ خلیل آباد میں آج صبح اُن کے جلسہ کے مقام پر ایک لاوارث گاڑی دستیاب ہوئی۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حکومت کو مودی کے تحفظ کے مسئلہ سے نمٹنا چاہئے۔ پارٹی ترجمان نرملا سیتا رامن اور مختار عباس نقوی نے ایک وفد کے ساتھ مرکزی وزیرداخلہ سے ملاقات کرکے اُنھیں اِس مطالبہ پر مبنی یادداشت پیش کی۔ شنڈے نے اُنھیں تیقن دیا کہ فکرمندی کی ضرورت نہیں ہے۔