مودی کے بیانات کے باعث آسام میں قتل عام

متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کرنے ریاستی و مرکزی حکومت سے کے رحمن خان کا مطالبہ
نئی دہلی ۔4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور کے رحمن خان نے آج کہا کہ بنگلہ دیشی غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف نریندر مودی کے بیانات کے باعث آسام میں ان بے گناہ اور معصوم مسلمانوں کا قتل عام ہوا ہے ۔ انہوں نے مرکز اور ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کریں۔ کے رحمن خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوارنریندر مودی کے بشمول بی جے پی قائدین نے جو بیانات دیئے ہیں اس کی وجہ سے مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے ۔

این ڈی اے حکومت ہی بوڈ ولینڈ آٹونومس کونسل قائم کرنے کی ذمہ دار ہے ۔ اس علاقہ کے مسلم آبادیوں نے اس کی مخالفت کی تھی ۔اب یہ قائدین بوڈ ولینڈ علاقہ میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے کشیدگی پیدا کررہے ہیں ‘اسی وجہ سے یہ سانحہ ہوا ۔ گذشتہ روز بوڈ انتہا پسندوں کے حملہ میں 32مسلمان ہلاک ہوئے تھے ۔ کے رحمن خان نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ قتل عام کیلئے ذمہ دار انتہاپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔