مودی کے انٹرویو میں کانٹ چھانٹ پر حکومت کی وضاحت

نئی دہلی 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دوردرشن پر نریندر مودی کے انٹرویو کی ایڈیٹنگ کانٹ چھانٹ پر تنقیدوں کے درمیان حکومت نے آج کہاکہ وہ پرسار بھارتی کے ساتھ اپنے اُصولوں و شرائط کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اس ادارہ کو مزید اختیارات دینے کے لئے ماہرین کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری نے کہاکہ پرسار بھارتی کی خود مختاری کو پارلیمنٹ کے قانون کے ذریعہ مضبوط کیا گیا ہے۔ اکٹوبر 2012 ء میںا ختیارات لینے کے بعد پرسار بھارتی کو مزید خود مختار ادارہ بنایا گیا ہے۔ اس لئے حکومت اور پرسار بھارتی کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز ہے۔ پرسار بھارتی اور دوردرشن سے متعلق تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب دوردرشن پر نریندر مودی کے انٹرویو کے بعض حصوں کو کاٹ دیا گیا تھا۔