نئی دہلی 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو سراہا کہ وہ ملک میں انتخابی اصلاحات کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کررہے ہیں اور سابق حکومتوں کو اِس مسئلہ پر ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کرنے کا مورد الزام ٹہرایا۔ ہندوستان میں انتخابی اصلاحات کے موضوع پر یہاں ایک کانفرنس سے خطاب میں قریشی نے کہاکہ اُنھیں مسرت ہے کہ پہلی مرتبہ ملک کا وزیراعظم انتخابی اصلاحات کے تعلق سے لب کشائی کررہا ہے۔ سابقہ حکومتوں کے برخلاف انھوں نے اِس معاملہ میں خاموشی اختیار کی تھی، وزیراعظم مودی خصوصیت سے بیان دے رہے ہیں اور اُن کے کئی اقدامات اصلاحات کی سمت پیشرفت ہے۔ سابق سی ای سی نے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والوں کو انتخابات لڑنے سے منع کردینے، پیسے کی طاقت پر قابو پانے اور الیکشن کمشنرس کے تقرر کے لئے کالجیم سسٹم پر بھی زور دیا تاکہ آزادانہ اور منصفانہ چناؤ کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ انتخابات کے دوران زیرگشت رقومات تمام تر کرپشن کا منبہ ہے اور کہاکہ سیاسی جماعتوں کو عوام کی جانب سے فنڈس کی فراہمی کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے اور خانگی شعبے سے فنڈس کو روکتے ہوئے سیاست کو مجرمانہ رنگ سے پاک کرنا چاہئے۔
دہلی کے پارک میں لاوارث مورٹار شل دستیاب
نی دہلی ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جنوبی دہلی کے وسنت گنج ( نارتھ ) پارک میں آج صبح ایک لاوارث مورٹار شل دستیاب ہوا جس سے سارے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے شل کو ناکارہ بنانے کے لیے نیشنل سیکوریٹی گارڈس ( این ایس جی ) کو طلب کرلیا۔ مقامی افراد نے وسنت گنج کے کشن گڑھ محلہ کے پارک میں یہ مورٹار شل پڑا دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی جس کے ساتھ ہی وہ وہاں پہونچ گئی اور علاقہ کی ناکہ بندی کردی ۔
ایک سینئیر پولیس افسر نے کہا کہ ’ مچھلی والا پارک سمادھن واں گاؤں میں مورٹار شیل کی دستیابی کی اطلاع صبح 8-30 موصول ہوئی تھی ‘ ۔۔