نئی دہلی 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے ازدواجی موقف کے بارے میں وہ آج الیکشن کمیشن سے رجوع ہوئے ہیں اور ماضی میں انتخابی حلف نامہ میں حقائق کو پوشیدہ رکھنے پر بی جے پی لیڈر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذمہ داروں سے ملاقات کے بعد کپل سبل نے کہاکہ ’’میں نے مودی کے خلاف الیکشن کمیشن میں ایک شکایت دائر کی ہے۔ بی جے پی لیڈر کی جانب سے ماضی کے انتخابی حلف ناموں میں ان کی شادی کی تفصیلات کو چھپایا گیا ہے
جس پر ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے‘‘أ کپل سبل نے کہاکہ مودی نے 2002 ء اور 2012 ء کے درمیان گجرات اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے داخل کردہ انتخابی حلفناموں میں اپنی شادی سے متعلق حقائق کو چھپائے رکھا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کو حقیقت سے واقف نہیں کروایا لیکن اب حلقہ لوک سبھا ودودرا سے مقابلہ کیلئے داخل کردہ حلفنامہ میں مودی نے پہلی مرتبہ خود کو شادی شدہ ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ مودی نے خود کے شادی شدہ شخص ہونے کے بارے میں پہلی مرتبہ انکشاف کیا ہے۔ مودی نے حلفنامہ میں اپنی بیوی کا نام جشودھا بین بتایا ہے۔ کپل سبل نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے اُنھیں اس شکایت کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ہے۔
قبل ازیں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مودی کی شادی کا مسئلہ اُٹھاتے ہوئے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہول نے کہاکہ ایک طرف ان (مودی) کی پارٹی خواتین کے تحفظ کا دعویٰ کرتی ہے لیکن وزارت عظمیٰ کے لئے اُس کے امیدوار کو انتخابی حلفنامہ میں اپنی بیوی کے نام کا حوالہ دینے کے لئے کئی انتخابات لگ گئے۔ راہول نے کہاکہ ’’مجھے پتہ نہیں اُنھوں (مودی) نے تاحال کتنے انتخابات لڑے ہیں۔ لیکن پہلی مرتبہ انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں۔ دہلی میں اُنھوں (مودی) نے خواتین کی عزت و احترام کے بارے میں بہت سی باتیں کی لیکن خود ان (مودی) کی بیوی کا نام انتخابی حلفنامہ تک نہیں پہونچ سکا۔
ملائم سنگھ جیسے قائدین ملک کیلئے باعث شرم : راج ٹھاکرے
ناسک ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے شکتی ملز عصمت ریزی واقعہ کے مجرمین کو سزائے موت دیئے جانے پر ملائم سنگھ کی جانب سے سوال اٹھائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک کیلئے یہ انتہائی شرمناک بات ہیکہ ایسے بھی سیاسی قائدین ہے جو خواتین کا احترام نہیں کرتے۔ راج ٹھاکرے نے سنار میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملائم سنگھ یادو جیسے سیاسی قائدین ملک کیلئے باعث شرم ہے۔ کیا ان کے پاس خواتین کا کوئی احترام نہیں ہے؟‘‘۔ ممبئی میں اجتماعی عصمت ریزی کے دو واقعات میں تین افراد کو سزائے موت دیئے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے ملائم سنگھ نے دریافت کیا تھا کہ کیا عصمت ریزی کے واقعات پر موت کی سزاء دی جاسکتی ہے؟ انہوں نے کہا تھا کہ لڑکے لڑکے ہیں، غلطی ہو ہی جاتی ہے۔