گاندھی نگر ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی 64 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی والدہ سے آشیرواد لیا ۔ علاوہ ازیں انہیں جاپانی وزیر اعظم شینزوابے نے بھی فون کر کے مبارکباد دی ۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے بھی نریندر مودی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ۔ زعفرانی کرتا زیب تن کیے ہوئے نریندر مودی بغیر کسی سیکوریٹی کے ایک معمولی سی گاڑی میں یہاں پہنچے جہاں انہوں نے اپنی والدہ ہیرابین سے ملاقات کی اور ان کا آشیرواد حاصل کیا ۔ وزیر اعظم کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد وزیر اعظم کی یہ پہلی سالگرہ تھی ۔ انہوں نے فوٹو گرافرس کی موجودگی میں اپنی والدہ سے کچھ دیر تک بات کی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ مودی کی والدہ ہیرابین 95 سال کی ہیں ۔ انہیں اپنے بیٹے کی سالگرہ کا شدت سے انتظار تھا ۔ ان کی والدہ نے اپنے بیٹے اور ملک کے وزیر اعظم کو گجراتی مٹھائی چُرما کے لڈو ، لاپسی اور کنسر پیش کی جسے نریندر مودی نے انتہائی عقیدت سے کھایا ۔یاد رہے کہ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد بھی نریندر مودی نے اپنی والدہ کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی تھی جس سے یہ بات معلوم ہوئی کہ وہ اپنے خاندان کے تئیں پُرخلوص ہیں۔