مودی کی یوم آزادی تقریر پر اپوزیشن کی تنقید ، مرکزی وزیرکی ستائش

نئی دہلی ۔ 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں نے آج وزیراعظم نریندر مودی کی اولین یوم آزادی تقریر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’معمولی مسائل‘‘ میں الجھ کر رہ گئے اور مستقبل کیلئے کوئی نظریہ پیش نہیں کرسکے۔ تاہم مرکزی وزیر پارلیمانی امور بی جے پی قائد وینکیا نائیڈو نے کہا کہ مودی کی تقریر عوام کو اتحاد، یکجہتی اور ترقی کی تحریک دے گی۔ برسراقتدار بی جے پی نے اسے برجستہ اور دل کو چھو لینے والی قرار دیا۔ کانگریس قائد منیش تیواری نے تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر غیرمؤثر تھی۔ اس میں نہ کوئی نتیجہ تھا، نہ اسکیم اور نہ کوئی نئے اقدامات۔ بائیں بازو کی پارٹیوں نے تقریر پر تنقید کرتے ہوئے منصوبہ بندی کمیشن کی برخاستگی کے اعلان کی مذمت کی۔ سی پی آئی ایم قائد سیتارام یچوری نے اس منصوبہ پر اعتراض کیا اور کہا کہ کون حکومت کی اسکیموں پر عمل آوری کی نگرانی کرے گا ۔