نئی دہلی 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی چوکیداری سے ملک کے امیر لوگ ہی مزید دولت مند ہوتے جا رہے ہیں اور ان کے ڈرامے اور بیان بازیوں سے انہیں لوک سبھا انتخابات میں کوئی کامیابی حاصل ہونے والی نہیں ہے ۔ شمال مشرقی دہلی میں اپنی پارٹی کے امیدوار کے حق میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران اقلیتوں ‘ دلتوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کانگریس کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں بھی ان برادریوں کی حالت کوئی خاص مختلف نہیں تھی ۔ مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑیگا ۔ اس کی ناٹک بازی اور اس کی جملے بازی اس کے کام آنے والی نہیں ہے ۔ نہ ہی مودی کی چوکیداری کوئی کام آئیگی ۔ وزیر اعظم نے اچھے دن کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے جو کچھ بھی وعدے کئے تھے ان میں ایک چوتھائی وعدے بھی پورے نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کسی تیاری اور منصوبے بندی کے بغیر لاگو کی جس کے نتیجہ میں ملک میں غربت میں اضافہ ہوا ہے ۔ مایاوتی نے کہا کہ مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے ہر کوشش کی اور طریقہ اختیار کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ لوک سبھا انتخابات میں بی ایس پی ۔ سماجوادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے گٹھ بندھن کو کامیابی ملنے نہ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی تمام کوششوں اور ہتھکنڈوں میں ناکام ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے منشور میں اچھے دن لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے ایسا نہیں کیا ۔ کانگریس نے بھی کئی وعدے کئے تھے لیکن اس نے بھی ان وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔ مایاوتی نے کہا کہ اترپردیش میں جہاں کانگریس کی حالت خراب ہے وہیں بی جے پی کی حالت انتہائی ابتر ہوگئی ہے ۔ انہوں نے عوام سے بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کا شکار نہ ہونے کی اپیل کی ۔