گجرات کے چیف منسٹر مقبولیت کی بلندیوں پر ، راہول ایک ’’بند مٹھی‘‘ہیں: شتروگھن سنہا
پٹنہ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر شتروگھن سنہا نے آج کہاکہ مودی کی مقبولیت کا راہول گاندھی سے کوئی تقابل نہیں کیا جاسکتا۔ شتروگھن سنہا نے مودی کو ملک کیلئے تباہ کن قرار دینے سے متعلق وزیراعظم منموہن سنگھ کے ریمارک کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ ’’راہول گاندھی ’’بند مٹھی‘‘ جیسے ہیں اور مودی کا اُن سے کوئی تقابل ہی نہیں کیا جاسکتا کیونکہ فی الحال مودی کی مقبولیت بلندیوں پر پہونچی ہوئی ہے‘‘۔ اداکار سے سیاستدانوں بننے والے شتروگھن سنہا نے کہاکہ ’’مودی گجرات جیسی کلیدی ریاست میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے ہیٹ ٹرک بناچکے ہیں اور اُنھوں نے بہترین حکمرانی کیلئے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر دکھایا ہے
اور اِس لمحہ اُن کی مقبولیت بلندیوں کو چھو رہی ہے جہاں راجیو گاندھی یا کوئی دوسرے اُن کا مقابلہ نہیں کرسکتے‘‘۔ راہول گاندھی کی بہترین ساکھ و صداقت سے متعلق وزیراعظم کے دعوؤں کو شتروگھن سنہا نے ایسے خواب قرار دیا جو کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتے۔ شتروگھن سنہا نے کہاکہ ’’اب ہمیں یہ دُعا کرنا ہوگا کہ وزیراعظم کے خواب اِس ملک کے لئے تباہ کن نہ بن جائیں‘‘۔ وزیراعظم کی جانب سے یہ کہے جانے پر کہ مودی بحیثیت وزیراعظم ملک کے لئے تباہ کن ہوں گے، شتروگھن سنہا نے کہاکہ یہ باتیں کسی ایسے شخص کو زیب نہیں دیتیں جس نے 10 سال تک جلیل القدر عہدہ پر فائز رہتے ہوئے ملک کو رُسوا کیا ہے۔