مودی کی مخالفت کرتا رہوں گا ، خواہ پاکستان جانا پڑے: عمر عبداﷲ

سرینگر۔ 21 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداﷲ نے آج کہا کہ بی جے پی لیڈر بہار گری راج سنگھ کے اس بیان کے باوجود کے نریندر مودی کے مخالفین کو پاکستان چلے جانا چاہئے وہ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار مودی کی مخالفت کرنا بند نہیں کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ آج ہمیں دھمکیوں پر دھمکیاں مل رہی ہے۔ شکر اس بات کا ہے کہ یہاں سرینگر تا مظفرآباد بس سرویس ہے اس لئے اُنھیں واگھا سرحد (پاکستان ) عبور کرنے کے لئے دہلی یا امرتسر جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ وہ مظفرآباد میں بس ٹکٹ لے کر سوار ہوجائیں گے اور پاکستان چلے جائیں گے کیونکہ وہ مودی کی مخالفت کا سلسلہ ختم نہیں کرنے والے ہیں۔ عمر عبداﷲ نے اننت ناگ لوک سبھا حلقہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اس ریالی سے مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد اور پردیش کانگریس کمیٹی صدر سیف الدین سوز نے بھی خطاب کیا۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ نریندر مودی کو ملک کا وزیراعظم نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اُن پر گجرات میں 2002 ء فرقہ وارانہ فسادات کا داغ لگا ہوا ہے ۔ مودی واحد لیڈر ہیں جو 12 سال سے چیف منسٹر ہونے کے باوجود امریکہ نے انھیں ویزا دینے سے انکار کیا ہے ۔ ہم یہ تصور کرسکتے ہیں کہ امریکہ مسلمانوں کا دوست ملک ہے لیکن یہ حقیقت نہیں، چنانچہ ہمیں بھی چاہئے کہ ایسے شخص کو ملک کا وزیراعظم بننے نہ دیں ۔ جموں و کشمیر میں حکمراں نیشنل کانفرنس اور کانگریس پارٹی کے مابین انتخابی اتحاد پایا جاتا ہے اور لوک سبھا حلقہ اننت ناگ سے نیشنل کانفرنس امیدوار ڈاکٹر مرزا محبوب بیگ کا مقابلہ پی ڈی پی امیدوار محبوبہ مفتی سے ہے ۔