مودی کی قیادت نے ہندوستانی عوام کو بااعتماد بنادیا :امیت شاہ

بھوپال 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت نے ملک کے عوام کا اعتماد دوبارہ بحال کردیا ۔ اور دنیا بھر میں ہندوستان کی صلاحیتوں کا ثبوت دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے عوام گذشتہ 10 سال سے انتہائی مایوس تھے لیکن مودی کے وزیر اعظم بننے کے اندرون چار ماہ ملک کے عوام نہ صرف دنیا بھر میں اپنا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے بلکہ انہوں نے اپنی قابلیت کا سکہ بھی جمع دیا ۔ مودی حکومت نے صیانت کے شعبہ میں جو پروگرام شروع کئے ہیں ،میک ان انڈیا ،جن دھن یوجنا،شرامیو جیئتے ،سوچھ بھارت ابھیان وغیرہ ان کی قیادت کی مثالیں ہیں۔ حالانکہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی تاریخی کامیابی کے بعد عوام نے مودی کو اپنا قائد تسلیم کرلیا تھا لیکن ان میں سے بعض نے شکوک و شبہات بھی ظاہر کئے تھے لیکن مودی کے وزیر اعظم بننے کے چار ماہ کے اندر ہی پوری دنیا میںہندوستان کی صلاحیت کو تسلیم کرلیا گیا ہے اور ہندوستانی عوام کا اعتماد بحال ہوگیا ہے ۔ امیت شاہ کاریہ کرتا سنکلپ ابھیویشن پروگرام سے خطاب کررہے تھے جو مدھیہ پردیش میں مجالس مقامی کے انعقاد سے قبل منعقد کیا گیا تھا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی تاریخی کامیابی کے بعد مہاراشٹرا اور ہریانہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے اپنے بل بوتے پر کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح عوام کے دلوں میں نریندر مودی کا ایک مقام بن گیا ہے ۔ انہوں نے مدھیہ پردیش بی جے پی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ملک کو کشا بھاو ٹھاکرے اور راج ماتا وجئے راجے سندھیا جیسے قائدین دیئے ہیں۔