مودی کی شادی شدہ زندگی کو سنسنی خیز نہ بناؤ :واگھیلا

احمد آباد 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے سینئر لیڈر شنکر سنہا واگھیلا نے جو سابر کنٹہ لوک سبھا حلقہ سے مقالبہ کررہے ہیں، آج بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ عوام، مودی کی شادی شدہ زندگی کے مسئلہ کو سنسنی خیز نہیں بنانا چاہئے ۔ یہ تبدیلی اس وقت لائی جب کانگریس کے قائدین نے مودی کے شادی شدہ موقف پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے واگھیلا نے جو قبل ازیں بی جے پی میں تھے اعتراف کیا کہ مودی کو اپنے حلف نامہ میں شادی شدہ زندگی کے بارے میں ذکر کرنا چاہئے تھا۔ اگرچہ کہ ان دونوں ( مودی اور جشودھابین ) نے بمشکل چند مہینے ہی ساتھ گذارے ہیں لیکن انہیں اپنے شادی شدہ موقف کے بارے میں وضاحت کرنی چاہئے تھی۔ ان دونوں میں ابھی طلاق نہیں ہوئی مگر یہ علحدہ رہتے ہیں۔

نریندر مودی شادی شدہ
حلفنامہ پر کانگریس کا استفسار
پاناجی ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس رکن پارلیمنٹ شانتا رام نائک نے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی سے وضاحت طلب کی کہ کیا انہوں نے ازدواجی موقف کے بارے میں حلفنامہ میں غلط بیانی سے کام لیا ہے ۔ نریندر مودی نے گجرات اسمبلی انتخابات کے دوران اس کالم کو خالی چھوڑ دیا تھا لیکن کل لوک سبھا انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے روبرو پیش کردہ حلفنامہ میں انہوں نے اس کالم میں پر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ شادی شدہ ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کا نام جشودابین بتایا ۔ شانتا رام نے کہا کہ نریندر مودی کو یہ وضاحت کرنی چاہئے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے جھوٹا حلفنامہ کیوں داخل کیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں یہ بھی بتانا ہوگا کہ ان کی اہلیہ کے مالی موقف اور دیگر تفصیلات سے وہ کیوں واقف نہیں ہیں۔63 سالہ نریندر مودی نے حلقہ لوک سبھا ودودرا سے کل پرچہ نامزدگی داخل کی تھی۔

مودی پتی دھرم بھول گئے ،راج دھرم کیسے پورا کروگے
خواتین کی عزت نہ کرنے والا قوم کی عزت کیاکرے گا ،مہیلا کانگریس کا استفسار
نئی دہلی 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کی جانب سے برسر عام اپنی شادی شدہ زندگی تسلیم کرنے کے بعد کانگریس کو موقع مل گیا ہے کہ وہ ان پر نکتہ چینی کریں۔ کانگریس نے بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار سے استفسار کیا کہ جب وہ پتی دھرم بھول گئے ہیں تو راج دھرم کیسے پورا کریں گے۔ مودی انتخابی مہم کے دوران عوام سے وعدے کررہے ہیں کہ ان کے مسائل حل کریں گے لیکن جو شخص اپنی بیوی سے روابط اچھے نہیں رکھتا وہ ملک کی خدمت کیا کرے گا۔ مہیلا کانگریس کی سربراہ اور پارٹی ترجمان شوبھا اوجا نے کہا کہ چیف منسٹر گجرات نے اپنی ریاست کی خاتون کی جاسوسی بھی کی تھی۔ وہ خواتین کے تعلق سے نہایت ہی بے مروت ثابت ہوئے ہیں۔ مودی ایک طرف خواتین کی جاسوسی کرواتے ہیں دوسری طرف اپنی بیوی کو بھول کر شوہر کے فرائض پورے نہیں کرتے ۔ ایسے میں وہ قوم کی خدمت اور اُن سے کئے گئے وعدے کس طرح پورے کریں گے۔