مودی کی سلمان خان اور سلیم خان کی جانب سے ستائش پر مسلم تنظیم کی تنقید

علی گڑھ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) فورم برائے مسلم مطالعہ جات و تجزیہ نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور ان کے والد کہانی کار سلیم خان کی نریندر مودی کی ستائش کو ’’خالص تجارتی فوائد ‘‘ پر مبنی قرار دیتے ہوئے اُن کی مذمت کی ۔فورم برائے مسلم مطالعہ جات و تجزیہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا ایک شعبہ ہے جو زیادہ تر مسلم دانشوروں پر مشتمل ہے جس نے کل ایک قرار داد منظور کی تھی سلیم خان کے بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کی سرکاری اردو ویب سائٹ کی رسم افتتاح انجام دینے پر تنظیم نے ان پر

اور ان کے فرزند پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ’’بدترین قسم کی سیاسی موقع پرستی کا اظہار کررہے ہیںجس کا مقصد خالص تجارتی فوائد ہیں‘‘۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سلیم خان جیسے افراد ہی ذرائع ابلاغ کی تعریف کرتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ گجرات کی مثالی معاشی ترقی کی ستائش کرتے ہوئے شہرت حاصل کریں۔ حالانکہ انہوں نے بنیادی حقائق کا جائزہ نہیں لیا ہے ۔ قرار داد میں مزید کہا کہ سلمان خان نے سالانہ سیفائی مہوتسو میں شرکت کی تھی جس کا اہتمام ایٹاوا میں حکومت یو پی نے جنوری میں کیا تھاجبکہ بچے اور مظفر نگر فسادات کے متاثرین مبینہ طور پر راحت رسانی کیمپوں میں سردی کی شدت سے فوت ہورہے تھے اب انہوں نے مودی کے گروہ میں شرکت کرلی ہے تا کہ ’’گجرات میں قتل عام کے الزامات کا سامنا کرنے والی طاقتوں کی خوشامد کرسکیں‘‘۔