مودی کی ستائش میرے لئے اعزاز : ملائم سنگھ

لکھنؤ ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ان پر ستائشوں کی بوچھار کے پس منظر میں سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ یہ ان کیلئے ایک اعزاز ہے۔ ان کی پارٹی بی جے پی سے وابستگی کے بارے میں عوام کو نہ تو دھوکہ دے گی اور نہ جھوٹ بولے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ان کی اور ان کی پارٹی کی ستائش کررہے ہیں۔ یہ ان کیلئے ایک اعزاز ہے لیکن وہ مرکزی حکومت کو کوئی عوام دشمن کارروائی کرنے نہیں دیں گے۔ وہ پارٹی کارکنوں سے آنجہانی سابق رکن پارلیمنٹ موہن سنگھ کے جلسہ تعزیت میں خطاب کررہے تھے۔ نریندر مودی نے حال ہی میں ملائم سنگھ کی پارلیمنٹ کے تعطل کو توڑنے کے سلسلہ میں ان کی کوششوں کی ستائش کی تھی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کانگریس کے احتجاج سے دوری اختیار کرلی تھی جس نے پورے مانسون اجلاس میں پارلیمنٹ کی کارروائی مفلوج کر رکھی تھی۔