مودی کی زیر قیادت وزارت عظمی کے آرزو مند کئی قائدین

بھوپال 20جنوری سیاست ڈاٹ کام)نریندر مودی کے وزارت عظمی کا خواب دیکھنے کا مذاق اڑاتے ہوئے کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ کئی قائدین بشمول سماجوادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ بھوپال میں اپنی قیام گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی کرسی کے آرزو مند قائدین میں ملائم سنگھ یادو ،چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا اور چیف منسٹر دہلی ارویندر کیجریوال بھی شامل ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ نائب صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے اس کے باوجود وہ وزیر اعظم کے عہدہ پر نظر رکھنے والے افراد میں شامل نہیں ہے۔

سونیا گاندھی پر مودی کے طنز پر جوابی وار کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے مودی کے اس تبصرہ کا حوالہ دیا کہ انہوں (سونیا گاندھی )نے راہول گاندھی کو کانگریس کا وزارت عظمی کا امیدوار اس لئے مقرر نہیں کیا کیونکہ وہ ان کے سیاسی کیریر کی ’’قربانی‘‘ دینا نہیں چاہتی تھیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ مودی ماں کی محبت کو کبھی نہیں سمجھ سکیں گے ۔ کانگریس کے سینئر قائد منی شنکر ایئر کے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ نامزد امیدوار نریندر مودی کی زندگی کے معمولی آغاز پر تبصرے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ایک ایسے ملک میں جہاں کئی افراد اپنی زندگی کے معمولی آغاز کے بعد ترقی کرتے ہوئے صدر جمہوریہ کے عہدہ جلیلہ تک پہنچ گئے۔منی شنکر ایئر کیلئے اس قسم کا تبصرہ کرنا مناسب نہیں تھا۔ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوریہ ہے جہاں ہر عام آدمی ملک کے اعلی ترین عہدہ تک پہنچنے کی نہ صرف آرزو کرسکتا ہے بلکہ اس کیلئے کوشش بھی کرسکتا ہے۔