کولکتہ ۔ /6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن (ای سی) نے چار ریاستوں کے لئے انتخابات سے متعلق تواریخ کے اعلان کیلئے اس کی تواریخ پریس کانفرنس میں ، راجستھان میں وزیراعظم نریندر مودی کی ایک ریالی میں کی جانے والی تقریر کی وجہ سے تاخیر کی ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہفتہ کو دوپہر میں اور مدھیہ پردیش ، میزورم ، راجستھان ، او رچھتیس گڑھ کیلئے انتخابات کی تواریخ کا اعلان کیا جانے والا تھا ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالہ نے کہا کہ ’’ سمجھا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن ان چار ریاستوں میں انتخابات سے متعلق تواریخ کا اعلان کرنے کیلئے 12.30 بجے دن پریس کانفرنس منعقد کرے گا۔ لیکن اس نے اسے 3 بجے دن تک کیلئے ملتوی کردیا۔ انہوں نے یہاں انڈیا ٹوڈے ایسٹ کانکلیو میں کہا کہ اس کی بظاہر وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کیلئے راجستھان میں ایک بجے دن ایک ریالی میں تقریر کیلئے راہ ہموار کرنا ہے ۔ سرجے والا نے کہا کہ عوام کو خود ان کی حکومت کے اقدامات کی وجہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور روپئے کی قدر میں ہر روز گراوٹ سے معیشت متاثر ہورہی ہے ۔
اس سوال پر کہ آیا 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد وزیراعظم کون ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’عوام اس کا فیصلہ کریں گے ‘‘ ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ لیکن یہ عوام کی حکومت ہوگی اور عوام کے خلاف نہیں ہوگی ۔