مودی کی ریلی میں مصروف وزیر، جوان کی جسد خاکی لینے نہیں پہنچے

نئی دہلی۔4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو پٹنہ میں ہوئی این ڈی اے کی ریلی میں سی آر پی ایف کے انسپکٹر پنٹو کمار سنگھ کی قربانی کا ذکر کیا۔ حالانکہ اس کے باوجود سی آر پی ایف انسپکٹر کی فیملی حکومت سے ناراض ہے کیونکہ سنگھ کی جسد خاکی لینے کے لئے پٹنہ ہوائی اڈے پر ریاستی حکومت کا کوئی بھی وزیر موجود نہیں تھا۔سی آر پی ایف جوان کو آخری وداعی دینے کے لئے پٹنہ ہوائی اڈے پر ریاستی حکومت کے نمائندے کے طور پر پٹنہ کے کلکٹر اور ایس ایس پی کے ساتھ ریاستی کانگریسی صدر مدن موہن جھا موجود تھے۔بہار کے بیگوسرائے کے باگرس دھیان چکی کے رہنے والے سنگھ سی آر پی ایف کے ان پانچوں جوانوں میں شامل تھے جو کہ جموں و کشمیر کے کپواڑہ میں دہشت گردوں کے ساتھ انکاؤنٹر میں مارے گئے تھے۔سنگھ کی جسد خاکی جب پٹنہ ہوائی اڈے پہنچی تب سرکاری پروٹوکال پر عمل تو ہوا مگر سی آر پی ایف جوان کو آخری وداعی دینے کے لئے کوئی وزیر موجود نہیں تھا۔