مودی کی راجیہ سبھا میں اپوزیشن قائدین سے ملاقاتیں

منموہن سنگھ ‘ غلام نبی آزاد ‘ ڈی راجہ سے مصافحہ ۔ تعطل ختم کرنے کی کوشش
نئی دہلی 23 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں للت مودی تنازعہ اور ویاپم اسکام پر جاری تعطل کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے آج راجیہ سبھا میں اپوزیشن قائدین سے حال احوال پوچھے ۔ یہ اپوزیشن ارکان کو منانے کی کوشش بھی قرار دی جا رہی ہے ۔ نریندر مودی صدر نشین حامد انصاری کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے دوران ایوان کی کارروائی کو ملتوی کئے جانے سے کچھ ہی دیر قبل ایوان بالا میں داخل ہوئے تھے ۔ وہ اپوزیشن کی صفوں تک پہونچے ۔ ایوان کی کارروائی ملتوی کئے جانے کے بعد انہوں نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی اور مصافحہ کیا ۔ اس کے بعد وہ قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد کی نشست تک گئے اور ان سے بھی مصافحہ کیا ۔ انہوں نے کانگریس کے رکن مدھو سدن مستری سے بھی مصافحہ کیا جنہوں نے ودودرہ نشست پر ان ( مودی ) کے خلاف ناکام مقابلہ کیا تھا ۔ وزیر اعظم نے کانگریس کے نائب لیڈر آنند شرما سے بھی ہاتھ جوڑ کر ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے کانگریس کے رکن کرن سنگھ کے ساتھ کچھ لمحات گذارے اور ان کے ساتھ کھڑے رہے ۔ بعد ازاں انہوں نے کانگریس کے جئے رام رمیش سے بھی ملاقات کی ۔ برسر اقتدار جماعتوں کی صفوں پر واپس ہوتے ہوئے انہوں نے سی پی آئی کے لیڈر ڈی راجہ سے بھی ملاقات کی اور اپنی پارٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی ۔ جب ابھی ارکان ایوان سے باہر نہیں نکلے تھے وزیر اعظم نے ونئے کٹیار کی پیٹ تھپتھپائی جو وہاں کھڑے ہوئے تھے ۔ سمجھا جارہا ہے کہ وزیر اعظم نے ایوان میں تعطل ختم کرنے کے مقصد سے ان ارکان سے ملاقاتیں کی ہیں۔