نظام آباد 12 جون (این ایس ایس) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے ریمارک کیا ہے کہ مرکز نے نوٹ بندی کے ذریعہ عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ اُنھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکمرانی میں گزشتہ چار سال کے دوران 1.5 لاکھ کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ کانگریس کے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کو اسمبلی کی رکنیت سے محروم کرنے کے مسئلہ پر ریاستی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کمیونسٹ قائد نے کہاکہ وہ (حکومت) اس معاملہ میں ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل آوری نہیں کرہی ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ کے اکثر ریاستی وزراء دھوکہ باز ہیں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی اسکیمات عوام کی بھلائی کے لئے نہیں حکومت کی تشہیر کے لئے ہیں۔