نئی دہلی 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) جارحانہ تیور دکھاتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور یہ الزام عائد کیاکہ اپنے رفقاء کو فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کھلی چھوٹ دے کر خوف و دہشت کی فضاء پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جوکہ ایک خطرناک کھیل ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے یہ بھی الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت، فلاحی ریاست کے نظریہ کو منظم طریقہ سے تباہ کرنے کے درپہ ہے اور پارٹی قائدین سے کہاکہ تحویل اراضی بل اور فوڈ سکیوریٹی قانون کی شد و مد سے مخالفت کریں۔ صدر کانگریس نے کہاکہ ایک طرف وزیراعظم بہترین حکمرانی کا چمپئن اور دستوری اقدار کا علمبردار ثابت کرنا چاہتے ہیں دوسری طرف اپنے رفقاء کو متنازعہ بیانات اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کھلی چھوٹ دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سونیا گاندھی نے آج کانگریس چیف منسٹرس کی ایک روزہ طویل کانفرنس سے افتتاحی خطاب میں کیا۔ یہ کانفرنس گزشتہ سال لوک سبھا انتخابات میں ہزیمت کے بعد پہلی مرتبہ منعقد کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مذہبی بنیادوں پر صف بندی سے ہمارے سیکولر تانے بانے کو پہلے ہی سے کافی نقصان پہنچ چکا ہے۔ خوف اور دہشت کا ماحول عملاً تیار کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ نریندر مودی حکومت کا ایک اور پہلو یہ ہے کہ وہ خطرناک پُرفریب کھیل کھیل رہی ہے
اور پُرفریب کھیل یہ ہے کہ پیشرو کانگریس حکومت نے کئی عشروں کی کوششوں سے ایک فلاحی ریاست تعمیر کی تھی اُسے منظم طریقہ سے تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ صدر کانگریس نے یہ نشاندہی کی کہ سابق وزیراعظم جواہرلال نہرو کی وراثت ان دنوں خطرہ میں ہے اور حکمراں جماعت نے منصوبہ بندی کمیشن کو تحلیل کرکے ایک فاش غلطی کی ہے اور نیتی ایوگ میں بعض ریاستوں کو خصوصی زمرہ میں شامل کیا گیاہے اور ان ریاستوں کو مزید فنڈس کی فراہمی کے بہانہ اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ دوسری طرف کارپوریٹ اداروں کو ٹیکس میں رعایت دی جارہی ہے۔ جبکہ سماجی شعبہ کیلئے فنڈس میں زبردست کٹوتی کردی گئی ہے۔ صدر کانگریس نے روایت شکنی کرتے ہوئے ملک کی سیاست پر بیرون ملک مخاطب کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مودی کے بیانات کو بلند بانگ دعوؤں، کردار کشی اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا اور اُنھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے تمام انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ انھوں نے کانگریس چیف منسٹرس کو ہدایت دی کہ مناسب پروگراموں کے ذریعہ نہرو کی وراثت پر حملوں کا مؤثر جواب دیں۔ سونیا گاندھی نے بعض ریاستوں میں آئندہ انتخابات کے پیش نظر عوام کو مرکزی حکومت کی تباہ کن پالیسیوں سے واقف کرنے پر زور دیا۔