بنگلورو ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی تائید میں 12 مئی کے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنا صرف ان کی تائید میں ووٹ ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ سدارامیا نے کانگریس رکن اسمبلی نریندر سوامی کو نریندر مودی کہا تھا۔ یہ ان کی زبان کی لغزش تھی جبکہ وہ ضلع مالیا میں مالاولی نشست کیلئے ان کی انتخابی مہم میں شرکت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سڑک کا کام ہوجاتا ہے، سمنٹ روڈ بچھائی جاتی ہے، ڈرینج اور پینے کے پانی کی سہولتیں موجود ہوں اگر مکان تعمیر کئے جائیں تو اس کے ذمہ دار صرف نریندر مودی اور ہماری حکومت ہوگی جس پر ان کے قریب کھڑے ہوئے افراد نے دخل اندازی کی جس کے بعد چیف منسٹر نے اپنی غلطی کی اصلاح کرتے ہوئے کہاکہ میں معافی چاہتا ہوں کہ میں نے نریندر سوامی کو نریندر مودی کہہ دیا تھا۔ اس پر مجموعہ نے پرجوش نعرے بلند کئے لیکن ہنستے ہوئے سدارامیا نے کہاکہ اہمیت نریندر کی ہے یہاں کے نریندر سوامی ہیں مودی گجرات کے نریندر ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں جبکہ نریندر سوامی سچ بولتے ہیں۔ اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے سدارامیا نے ایک بار پھر اسی غلطی کا اعادہ کیا اور نریندر سوامی کو ایک پھر نریندر مودی قرار دیا۔ ہر شخص سمجھ گیا کہ وہ غلطی کررہے ہیں کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ نریندر مودی کیلئے دیا ہوا ہر ووٹ خود ان کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ بعدازاں انہوں نے اپنے قریب کھڑے ہوئے افراد بشمول نریندر سوامی کی مداخلت پر اپنی غلطی درست کرلی۔ انہوں نے کہا کہ وہ درحقیقت یہ کہنا چاہتے تھے کہ نریندر مودی اور ان کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔